جے پور ۔ جس شادی نے چند سال قبل سارے ہندوستان کے علاوہ دنیا بھر کی توجہ اپنی جانب مبذول کروالی تھی وہ بالآخر طلاق پر ختم ہوگئی ہے جیسا کہ آئی اے ایس جوڑے اطہر خان اور ٹینا ڈابی کے درمیان طلاق ہوگئی ۔ جے پور کی ایک خاندانی عدالت نے آئی اے ایس عہدیدار ٹینا ڈابی اور اطہر خان کی جانب سے داخل کردہ طلاق کی درخواست کو منظور کرلیا جس کے بعد ان دونوں کے درمیان طلاق ہوگئی ہے ۔
یاد رہے کہ 2015ءیونین پبلک سروس کمیشن امتحان میں سرفہرست رہنے والی ٹینا ڈابی اور آئی ایس اطہر عامر خان نے 2018ء میں شادی کی تھی لیکن یہ شادی چند برس بھی قائم نہیں رہی ۔ دونوں نے باہمی رضامندی کے ساتھ جے پور فیمیلی کورٹ میں طلاق کی عرضی داخل کی تھی۔واضح رہے کہ ڈابی 2015ء میں یونین پبلک سروس کمیشن(یو پی ایس سی)امتحان میں سرفہرست رہی تھی جب کہ اسی سال اطہر خان نے دوسرا مقام حاصل کیا تھا۔بین المذاہب شادی سے متعلق تمام باتوں کو نظر انداز کرتے ہوئے دونوں نے 2018ء میں کشمیر میں شادی کی تھی۔
شادی کے بعد انہوں نے دہلی میں اپنی شادی کی دعوت رکھی تھی جس میں ہندوستان کے نائب صدر جمہوریہ وینکیا نائیڈو، سابق لوک سبھا اسپیکر سمترا مہاجن، اور کابینی وزیر روی شنکر پرساد نے بھی شرکت کی تھی۔ٹینا اور خان نے راجستھان میں کورٹ میرج کی تھی اس کے بعد اطہر خان کے آبائی وطن کشمیر کے بیلگام میں ان کے گھر دونوں کا نکاح ہوا تھا۔
اطلاعات کے مطابق راجستھان کیڈر کے دونوں آئی ایس افسران ٹریننگ کے دوران رابطہ میں آئے تھے۔ڈابی یو پی ایس امتحانات میں ٹاپ کرنے والی پہلی دلت لڑکی ہے۔ اس کے علاوہ اس نے اپنی پہلی کوشش میں امتحان میں کامیابی حاصل کی تھی اور سرفہرست بھی رہی ۔غورطلب ہے کہ ہندو مہا سبھا نے اطہر خان سے شادی کے ٹینا کے فیصلے پر ناراضگی کا اظہار کیا تھا۔مہا سبھا نے ٹینا کے والدین کو خط لکھ کر درخواست کی تھی کہ وہ اس شادی کو مسترد کردیں یا پھر اطہر خان کو مذہب تبدیل کرنے کیلئے راضی کریں۔اس کے بعد مہا سبھا نے کہا تھا کہ یہ شادی لوجہاد کو فروغ دیگی۔
اس کے بعدٹینا نے ایک مرتبہ فیس بک پر لکھا تھا کہ ایک آزاد خیال عورت کی حیثیت سے مجھے اپنے لئے کچھ انتخاب کرنے کا حق ہے۔مجھے اپنے انتخاب پر خوشی ہے اور اطہر عامر بھی اپنے فیصلے پر خوش ہے۔اس کے علاوہ ہمارے والدین بھی کافی خوش ہیں لیکن ایسے عناصر ہمیشہ موجود رہیں گے جو اقلیتی طبقہ سے تعلق رکھنے والوں کو کسی دوسرے مذہب سے تعلق رکھنے والے شخص کے ساتھ تعلق رکھنے پر ہمیشہ منفی تبصرے کرتے رہے ہیں ۔