حیدرآباد: آندھرا پردیش کے وزیر اعلیٰ وائی ایس جگن موہن ریڈی نے جمعرات کے روز،تلنگانہ کے اپنے ہم منصب کے چندر شیکھر راؤ سے ملاقات کی۔ دونوں قائدین کے مابین مختلف امور پرتبادلہ خیال ہوا۔
اہم مدوں کو حل کرنے کے لئے مرکزی وزارت داخلہ کی جانب سے 8اگسٹ کودونوں ریاستوں کے ہونے والے اجلاس کے پیش نظر اس اجلاس کو اہمیت کا حامل سمجھا جا رہا ہے۔
سمجھا جاتا ہے کہ دونوں وزرائے اعلیٰ نے 28جون کو اپنی پہلی میٹنگ کے دوران کئے گئے فیصلوں پر پیشرفت پر تبادلہ خیال کیا۔28جون کو ہونے والی میٹنگ میں،جگن موہن ریڈی کے وزیر اعلیٰ کی ذمہ داری سنبھالنے کے بعد دونوں ریاستوں کے مابین پہلی بات چیت میں پانی کے اشتراک سے متعلق اپنے تمام تنازعات کو پر امن طریقہ سے حل کرنے کا فیصلہ کیاگیا تھا۔
دونوں تلگو ریاستوں میں پانی کی قلت کو دور کرنے کے لئے دریا ئے گو داوری سے کرشنا ندی کی طرف پانی کو موڑنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
چندر شیکھر راؤ سے ملاقات سے قبل جگن ریڈی نے تلنگانہ کے گورنر ای ایس ایل نرسمہن سے بھی ملاقات کی۔دونوں ریاستوں کے گورنر کی حیثیت سے نرسمہن نے گذشتہ پانچ سالوں کے دوران بات چیت میں اہم تعمیری کردار ادا کیا تھا۔