لکھنو ۔ یوگی حکومت کےزیر اثراترپردیش میں جرائم کا گراف کافی بڑھا ہے اور آئے دن یہاں کے علاقوں سے کوئی نہ کوئی جرم کی داستان سامنے آتی ہی رہتی ہے اور اب اسلحہ کی نوک پر خاتون کی عصمت ریزی کی گئی ۔ریاست میں میں اسلحہ کی نوک پر ایک خاتون کی آبروریزی کا سنسنی خیز معاملہ سامنے آیا ہے ۔ یہ واقعہ اترپردیش کے گوتم بدھ نگر ضلع میں پیش آیا ، جہاں ایک شخص ایک خاتون کے گھر میں گھس کر ہتھیار کی نوک پر اس کی مبینہ طور پر آبروریزی کی ۔
سینئر پولیس انسپکٹر کے میڈیا انچارج راکیش بھدوریا کے مطابق متاثرہ خاتون نے تھانہ سیکٹر 49 میں اس سلسلہ میں رپورٹ درج کرائی ہے ۔رپورٹ میں اس نے کہا ہے کہ 24 اگست کو گھر پر وہ اور اس کی بیٹی اکیلی تھی اور اس کے شوہر کام سے باہر گئے ہوئے تھے ۔ اسی درمیان اس کا پڑوسی پشپیندر یادو اس کے گھر میں گھس گیا اور اس کی آبروریزی کی ۔
خاتون کا الزام ہے کہ اس درمیان اس کی بیٹی جاگ گئی اور مخالفت کرنے لگی تو ملزم نے ان کے ساتھ مار پیٹ کی اور طمنچہ دکھا کر مار ڈالنے کی دھمکی دی۔خاتون کے مطابق اگلے دن شوہر کے لوٹنے پر اس نے آپ بیتی سنائی اور پھر دونوں سیکٹر 116 میں واقع سورکھا پولیس اسٹیشن میں معاملہ کی شکایت کرنے کیلئے گئے ، لیکن پولیس نے کوئی کارروائی نہیں کی ۔
میڈیا انچارج کے مطابق خاتون کا یہ بھی الزام ہے کہ 9 ستمبر کو ملزم تقریبا نصف درجن ساتھیوں کے ساتھ اس کے گھر آیا اور ہتھیار دکھا کر اس کے شوہر سے ایک معاہدہ پر دستخط کروالیا ۔راکیش بھدوریا نےکہا کہ ایس ایس پی نے واقعہ کی رپورٹ درج کرنے کا حکم دیا ہے ۔ میڈیا انچارج نے کہا کہ گزشتہ رات تھانہ سیکٹر 49 پولیس نے اس معاملہ میں پشپیندر کے خلاف آبروریزی کا معاملہ درج کرلیا ہے اور معاملہ کی تحقیقات جاری ہیں ۔