Saturday, January 25, 2025
Homeٹرینڈنگادھو ٹھاکرے نے مہاراشٹرا کے وزیر اعلیٰ کی حیثیت سے حلف لیا

ادھو ٹھاکرے نے مہاراشٹرا کے وزیر اعلیٰ کی حیثیت سے حلف لیا

- Advertisement -
- Advertisement -

ممبئی: شیو سینا کے صدر اور شیو سینا،این سی پی اور کانگریس اتحاد (مہا وکاس اگھاڑی) کے لیڈر ادھو ٹھاکرے نے جمعرات کو مہاراشٹرا کے 29ویں وزیر اعلیٰ کی حیثیت سے حلف لیا۔ممبئی کے شیواجی پارک میں منعقدہ ایک عظیم الشان حلف برداری تقریب میں،ریاستی گورنر بھگت سنگھ کوشیاری نے شام 6.40بجے شیو سینا کے رہنما ادھو ٹھاکرے کو وزیر اعلیٰ کا حلف دلایا۔

اسی کے ساتھ ہی ادھو ٹھاکرے اس اعلیٰ عہدے پر فائز ہونے والے،ٹھاکرے خاندان کے پہلے فرد بن گئے۔اور وہ منوہر جوشی،نارائن رانے کے بعد شیو سینا کے تیسرے وزیر اعلیٰ بن گئے۔اس طرح تقریبا 20سالوں کے بعد شیو سینا کو وزیر اعلیٰ کا عہدہ ایک بار پھر مل گیا۔

ادھوٹھاکرے، شیو سینا،نیشنلسٹ کانگریس پارٹی اور کانگریس پر مشتمل ”مہا وکاس اگھاڑی“حکومت کی قیادت کریں گے۔ادھو ٹھاکرے کے

ساتھ ہی ایکناتھ شندے (شیو سینا)،سبھاش دیسائی (شیو سینا)،جینت پاٹل (این سی پی)،چھگن بھجبل (این سی پی) اور بالا صاحیب تھو راٹ (کانگریس)،نتن راوت(کانگریس) نے بھی وزراء کی حیثیت سے حلف لیا۔

اس تقریب حلف برداری میں ممتاز معززین، ملک بھر کے علاقائی سیاسی قائدین،اس کے علاوہ دیگر ریاستوں کے کم از کم تین وزرائے اعلیٰ اور مہاراشٹرا کے چھ سابق وزرائے اعلیٰ بھی شامل تھے،جنمیں شرد پوار،سشیل کمار شندے،منوہر جوشی،پرتھوی راج چوہان،اشوک چوہان اور دیویندر فڈ نویس شامل ہیں۔

ان کے علاوہ ادھو ٹھاکرے کے کزن اور مہاراشٹرا نر نرمان سینا کے صدر راج ٹھاکرے،صنعت کار مکیش امبانی،ان کی اہلیہ انیتا امبانی اورپورے مہاراشٹرا سے پانچ سو سے زیادہ کسان اور ہزاروں افراد نے شرکت کی۔تینوں اتحادی پارٹیوں کے دیگر نمایاں شخصیات میں،ابھیشیک ایم سنگھوی،راجیو شکلا،پرفل پٹیل،کشور تیواری،سپریہ سولے پوار،سنجے راوت،اروند ساونت،روہت پوار اور رشمی ٹھاکرے اور ادتیہ ٹھاکرے بھی موجود تھے۔

واضح ہو کہ،شیو سینا،نیشنلسٹ کانگریس پارٹی اور کانگریس کے اتحاد سے مہاراشٹرا میں یہ حکومت تشکیل پائی ہے۔تینوں پارٹیوں کے اتحاد کا نام ’مہاراشٹرا وکاس اگھاڑی“رکھا گیا ہے۔تینوں پارتیوں کے مابین کئی بار اجلاس منعقد ہوئے اور آخر کار یہ فیصلہ کیا گیا کہ ادھو ٹھاکرے

 وزیر اعلیٰ ہوں گے اور این سی پی کا صرف ایک نائب وزیر اعلیٰ ہوں گے۔اس کے علاوہ کانگریس کو اسپیکر کا عہدہ بھی دیا جائے گا۔تاہم،ابھی تک نائب وزیر اعلیٰ اور اسپیکر کا نام طئے نہیں ہوا ہے۔

ذرائع کے مطابق،این سی پی رہنما اجیت پوار کو بھی اس حکومت میں نائب وزیر اعلیٰ کا عہدہ مل سکتا ہے۔واضح ہو کہ اجیت پوار نے بی جے پی سے اتحاد کرتے ہوئے حکومت بنائی اور نائب وزیر اعلیٰ کی حیثیت سے حلف لیا۔اور اس کے بعد وہ استعفیٰ دے کر واپس این سی پی میں آگئے۔