Wednesday, April 23, 2025
Homesliderاسمتھ آسٹریلیائی ٹیم کے دوبارہ کپتان بننے کے خواہاں

اسمتھ آسٹریلیائی ٹیم کے دوبارہ کپتان بننے کے خواہاں

- Advertisement -
- Advertisement -

سڈنی۔ آسٹریلیا کے سابق کپتان اسٹیو اسمتھ نے کہاہے کہ انھیں دوبارہ آسٹریلیا کا کپتان بننے میں دلچسپی ہے اگر انھیں موقع دیا جاتا ہے تو وہ دوبارہ ٹیم کی قیادت کرنے کیلئے تیار ہیں۔ یاد رہے 2018 ء بال ٹمپرنگ اسکینڈل کے بعد انھیں ٹیم کی قیادت سے ہٹادیا گیا تھا اور اس جرم کی پاداش میں انھیں نہ صرف ایک سال کی پابندی کا سامنا کرنا پڑا تھا بلکہ دو سال تک دوبارہ انھیں قیادت کے لئے نااہل قرار دیاگیا تھا۔

 اسمتھ نے نیوز کارپوریشن کو دیئے گئے انٹرویو میں کہا کہ میں نے بہت غوروخوض کے بعد سوچا ہے کہ اگر مجھے دوبارہ موقع دیا جاتا ہے تو میں آسٹریلیائی ٹیم کی قیادت کروں گا۔ بال ٹمپرنگ کے بعد 2019 ء میں آسٹریلیا کو ایشیز سیریز میں کامیابی دلوانے میں اسمتھ نے شاندار بیٹنگ کے ذریعہ کلیدی رول ادا کیا تھا۔ اسمتھ نے مزید کہا ہے کہ کرکٹ آسٹریلیا اگر چاہتا ہے کہ میں ٹیم کی قیادت کروں اور یہ ٹیم کے حق میں سودمند ہوتا ہے تو میں قیادت کے لئے تیار ہوں۔

 اسمتھ نے یہ بھی اعتراف کیا ہے کہ بال ٹمپرنگ کا داغ تاحیات ان کے ساتھ جڑا رہے گا لیکن وہ ٹیم کی قیادت کے لئے دوبارہ تیار ہیں۔ اسمتھ کے بموجب ساری زندگی انھیں کیپ ٹاؤن کا واقعہ پیچھا کرے گا چاہے میں ٹیم کی دوبارہ قیادت کروں یا نہ کروں یہ داغ ساتھ رہے گا۔ یاد رہے رواں برس ہندوستان کے خلاف گھریلو سیریز میں شکست کے بعد آسٹریلیا کے کپتان ٹم پین کی قیادت شدید تنقیدوں کی زد میں ہے جبکہ محدود اوورس کی کرکٹ میں ٹیم کی قیادت کرنے والے آرون فنچ بھی 34 سال کے ہو چکے ہیں، ان تمام حالات میں اسمتھ کی دوبارہ قیادت میں واپسی کے لئے حالات سازگار دکھائی دے رہے ہیں۔