ممبئی۔ کورونا وبا کے دوران ن لائن تعلیم و تربیت سے لے کر ہر شعبہ جات میں آن لائن چیزوں کا حصول عام ہوچکا ہے اور ممبئی کے ایک معروف مسلم تعلیمی ادارہ نے افغانستان کے بچوں اور خواتین کو آن لائن تعلیم دینے کی پیشکش کی ہے ۔جنگ زدہ متاثرہ ملک افغانستان میں اب جنگ بندی اور حالات معمولات پر واپس آنے کے بعد افغانستان کے اطفال اور خواتین کو علم کی شمع سے روشن کرے گا ۔
رضوی ایجوکیشن ٹرسٹ نے باضابطہ طور پر تعلیم سے محروم افغانستان کے بچوں اور خواتین کو تعلیمی میدان میں مدد کرنے کے ساتھ ہندوستان سے آن لائن تعلیم دینے کا فیصلہ کیا ہے جدید طرز سے یہ تعلیمی عمل جلد ہی شروع ہو گا اس میں ماہر اساتذ ہ اور رضوی ایجوکیشن کا عملہ افغانستا ن کے بچوں کو تعلیمی زیور سے آراستہ کرے گا تاکہ کوئی بھی تعلیم سے محروم نہ ہو افغانستان کی قونصلیٹ ذکیہ کی درخواست پر رضوی ٹرسٹ نے یہ ذمہ داری قبول کی ہے اورہندوستان اور افغانستان کے دوستانہ تعلقات کو مزیداستوار کرنے کی جانب یہ پہلا قدم ہو گا ۔
رضوی ایجوکیش ٹرسٹ کی سربراہ روبینہ اختر حسن رضوی نے کہا ہے کہ افغانستان اور ہندوستان میں دوستانہ تعلقات ہیں اس کے ساتھ ہی ایک انسانیت کا رشتہ بھی ہے افغانستان کی قونصلیٹ محترمہ ذکیہ سے جب ہماری ملاقات ہو ئی تو انہوں نے افغانستان کے حالات کا تذکرہ کرتے ہوئے افغانی عوام کے لئے تعاون کی درخواست کی چونکہ رضوی ایجوکیشن ٹرسٹ تعلیمی میدان میں کافی مقبول ہے صرف ہی نہیں بلکہ ڈاکٹر اختر حسن رضوی کا یہ ادارہ الہ آباد میں بھی تعلیمی خدمات کی ساتھ یہاں بھی علم کی شمع روشن کر رہا ہے اس لئے ہم نے افغانستان کے بچوں اور عورتوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے یہ تعلیمی سفر آن لائن ہو گا اس میں رضوی ایجوکیشن کی جانب سے سند بھی دی جائے گی اس تعلیمی سفر کے لئے ماہر اساتذہ اور ماہر تعلیم کی بھی خدمات حاصل کی جائے گی ۔