واشنگٹن۔ پوری دنیا میں دہشت پھیلانے والی عالمی وبا کورونا وائرس کے خلاف جنگ تیز ہورہی ہے اورکورونا ٹیکہ اس وقت اس سے تحفظ کا بہترین ذریعہ ہے ۔ اس کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ امریکہ میں70 فیصد نوجوانوں کو کورونا کی ویکسین لگنے پرجشن منایا گیا اور شاندار آتشبازی کا مظاہرہ کیا گیا۔ بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ میںجشن کے علاوہ آتشبازی کی خبر دی گئی ہے جس کے بعد دنیا کو ایک مثبت پیغام ملا ہے کہ کورونا کی وبا جلد ہی دیگر ممالک میں بھی ختم ہوجائے گی۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق نیویارک میں 70 فیصد نوجوانوں کو کرونا ویکسین لگانے کا ہدف مکمل ہونے پر جشن منایا گیا اور اس موقع پر مقامی انتظامیہ کی جانب سے شاندار آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا۔کورونا معاملات میں اضافے کے باعث شہریوں کو اس مقام پر بڑی تعداد جمع ہونے کی اجازت نہیں تھی تاہم آتشبازی براہ راست نیشنل ٹیلی ویژن چینل پر نشر کی گئی۔آتشبازی کے اختتام پر مقامی حکومت نے نیویارک میں عائد کرونا پابندیاں ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے شہریوں پر زوردیا کہ وہ کچھ دن ایس او پیز پر عمل کرلیں۔
نیویارک کے گورنر اینڈریو کیومو نے اعلان کیا کہ اب ہماری ریاست کا شمار سب سے زیادہ نوجوانوں کو ویکسین لگانے والوں میں پہلے مقام پر ہوگا، یہ کوئی معمولی بات نہیں، ہم نے عوام کے تعاون سے ایک اہم سنگِ میل عبور کیا ہے ۔انہوں نے کہا ہے کہ30 فیصد شہریوں میں12 تا 17 سال کی عمر کے بچے ہیں، جنہیں فی الحال ویکسین فراہم کرنے کا فیصلہ نہیں کیا گیا۔نیویارک کے گورنر نے اہم سنگِ میل عبور کرنے پر سیاسی جماعتوں کے قائدین، عوام اور ڈاکٹرز کا شکریہ بھی ادا کیا۔یاد رہے کہ کورونا کی پہلی لہر کے وقت امریکہ اس وبا سے متاثرہ ممالک میں دوسرے مقام پر تھا جہاں روزآنہ لاکھوں لوگ اس مرض میں مبتلا ہورہے تھے جبکہ مرنے والوں کی تعداد ہزاروں میں تھی ۔