Monday, June 9, 2025
Homesliderامریکہ میں ٹرمپ ڈیتھ کلاک نصب

امریکہ میں ٹرمپ ڈیتھ کلاک نصب

- Advertisement -
- Advertisement -

نیویارک: امریکہ میں کورونا وائرس سے ہلاکتیں 80 ہزار سے بڑھ گئی ہیں جبکہ متاثرین کی تعداد 13 لاکھ سے زیادہ ہے۔خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران امریکہ میں وائرس سے مزید 830 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ جان ہاپکنز یونیورسٹی کے اعداد وشمار کے مطابق ہلاکتیں 80 ہزار 352 ہو گئی ہیں۔ پیر کو 830 افراد ہلاک ہوئے جبکہ اتوار کو وائرس کا شکار ہو کر موت کے منہ میں جانے والوں کی تعداد 776 تھی۔

اس دوران نیویارک کے ٹائمز اسکوائر میں ایک نیا بل بورڈ نصب کیا گیا ہے جس پر امریکہ میں ہونے والی ہلاکتوں کی وہ تعداد بتائی جا رہی ہے جو بورڈ کے تخلیق کار کے مطابق صدر ٹرمپ کے بروقت اقدام سے نہ ہوتیں۔اے ایف پی کے مطابق اس بل بورڈ کو ٹرمپ ڈیتھ کلاک کا نام دیا گیا ہے۔ بل بورڈ کے تخلیق کار فلم میکر یوجین جاریکی ہیں جنہوں نے یہ کلاک ٹائمزا سکوائر کی ایک بلڈنگ کی چھت پر نصب کیا ہے جو کورونا وائرس کے دوران خالی پڑی ہے۔

پیر کو اس کلاک پر 80 ہزار ہلاکتوں میں سے 48 ہزار اموات ایسی بتائی جا رہی تھیں جن کی جانیں تخلیق کار کے مطابق صدر ٹرمپ کے بروقت اقدامات سے بچائی جا سکتی تھیں۔کلاک اس مفروضے پر چل رہا ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ اگر بروقت سوشل ڈسٹنسنگ اور اسکولوں کو بند کرنے کے احکامات جاری کرتی تو اب تک ہونے والی اموات میں سے 60 فیصد کم ہوتیں۔کلاک لگانے والے یوجین جاریکی نے اپنے بل بورڈ پر وضاحت کی ہے کہ اگر 9 مارچ کو لاک ڈاؤن کیا جاتا تو زیادہ اموات سے بچا جا سکتا تھا۔دوسری جانب امریکی صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ کورونا وائرس سے پوری دنیا میں لوگ مر رہے ہیں اور یہ سوال چین سے پوچھا جانا چاہیے۔