Wednesday, April 23, 2025
Homeبین الاقوامیامریکہ کی نظر میں ایران آگ سے کھیل رہا

امریکہ کی نظر میں ایران آگ سے کھیل رہا

- Advertisement -
- Advertisement -

واشنگٹن ۔ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے ایران کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر وہ اپنے جوہری پروگرام کے تحت افزودہ یورینیم کی حد کو پار کرتا ہے تو اسے سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے ۔ ٹرمپ نے ایران کو افزودہ یورینیم کی حد پار نہیں کرنے کی دھمکی دی ہے ۔امریکی صدر نے کہا ایران آگ سے کھیل رہا ہے ۔قبل ازیں بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے ) کے ڈائرکٹر جنرل یوکیا امانو نے ایران کے 300 کلو گرام کی افزودہ یورینیم کی حد پار کرنے کی تصدیق کی تھی۔

قابل غور ہے کہ خلیج عمان میں کچھ دنوں پہلے آبنائے ہرمز کے قریب دو تیل ٹینکروں آلٹیئر اورکوککا کریجئیس میں دھماکے کے واقعہ اور ایران کی طرف سے امریکہ کے خفیہ ڈرون طیارہ کو مار گرانے کے بعد سے دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی عروج پر پہنچ گئی ہے ۔ایران نے 8 مئی کو بین الاقوامی جوہری معاہدے کے کچھ دفعات سے الگ ہونے کا اعلان کیا تھا جس کے بعد سے اس معاہدے پر غیر یقینی صورت حال کے بادل ہیں ۔ قابل ذکر ہے کہ2015 میں ایران نے امریکہ، چین، روس، جرمنی، فرانس اور برطانیہ کے ساتھ ایک معاہدے پر دستخط کیاتھا۔ معاہدے کے تحت ایران نے اس پر عائد اقتصادی پابندیوں کو ہٹانے کے بدلے اپنے جوہری پروگرام کو محدود کرنے پر اتفاق کا اظہار کیا تھا۔

 امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے افزودہ یورینیم کی حد کو بڑھانے کے ایران کے فیصلہ کے پس منظر میں فرانس کے صدر امانوئل میکرون سے گفت و شنید کی ہے ۔ وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری ایک بیان کے مطابق صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے فرانس کے صدر اما نوئل میکرون سے ایران کے معاملہ پر تبادلہ خیال کیا۔ دونوں رہنماؤں نے جوہری معاہدے کی مشترکہ کارروائی لائحہ عمل (جے سی¸ پی اواے ) کے تحت ایران کی افزودہ یورینیم کی حد کو بڑھانے کے فیصلے پر تبادلہ خیال کیا۔