نئی دہلی ۔ کورونا کی وجہ سے اس وقت کرکٹ کے کئی ٹورنمنٹ غیر یقینی حالات کا شکار ہیں لیکن ہندوستان آئندہ سال انگلینڈ کی میزبانی کے لئے پرعزم ہے۔بی سی سی آئی کے صدر سورو گنگولی نے ریاستی انجمنوں کو لکھا ہے کہ بورڈ مستقبل کے ٹورپروگرام کو مکمل کرنا چاہتا ہے اور اگلے سال فروری میں انگلینڈ کی میزبانی کے لئے پرعزم ہے ۔ گنگولی نے کہا کہ بورڈ اس سال کے آخر میں ہندوستانی ٹیم کے دورہ آسٹریلیا سمیت ٹیم کے آئندہ ٹورشیڈول کے لئے پرعزم ہے جبکہ بورڈ خواتین کی ٹیم اور ڈومیسٹک کرکٹ کے لئے غورکر رہا ہے ۔گنگولی نے خط میں کہا کہ سینئر مینز ٹیم رواں سال دسمبر میں آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے لئے جائے گی اور وہاں سے واپسی پر اگلے سال فروری میں انگلینڈ کے خلاف ہوم سیریز کھیلے گی۔ خواتین کی ٹیم کے دورے پر بھی بات چیت جاری ہے اور اس سلسلے میں مزید تفصیلات شائع کی جائیں گی۔ ہندوستان کواگلے سال ٹی20 ورلڈکپ اور2023 میں ونڈے کی میزبانی کرنی ہے جس کی تصدیق پہلے ہی ہوچکی ہے ۔ آئندہ ٹورکے مطابق ہندوستان رواں سال کے آخر میں آسٹریلیا کا دورہ کرے گا اور فروری2021 میں ورلڈ ٹسٹ چمپیئن شپ کے تحت انگلینڈ کی میزبانی کرے گا۔
گنگولی نے کہا کہ یہ دورہ شیڈول کے مطابق کیا جائے گا۔ تاہم مارچ میں افغانستان کے ساتھ تین ونڈے سیریز کے بارے میں کچھ نہیں کہا گیا ہے ۔ یہ سلسلہ فیوچر ٹور پروگرام کا بھی ایک حصہ ہے ۔آئی پی ایل کا14 واں سیزن اپریل میں کھیلا جائے گا۔سال2021 ہندوستانی کرکٹ کے لئے مصروف عمل ہونے جا رہا ہے کیونکہ ہندوستان کے پاس اکتوبر تا نومبر میں ٹوئنٹی20 ورلڈ کپ بھی ہوگا اورٹیم کئی ممالک کے ساتھ سیریز کھیل سکتی ہے تاکہ وہ کورونا سے ہونے والے نقصان کو پوراکر سکے ۔کورونا وائرس کی وجہ سے انگلینڈ نے رواں سال ستمبر اکتوبر میں ہندوستانی دورہ ملتوی کردیا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان ستمبر۔ اکتوبر میں 3 ونڈے اور3 ٹوئنٹی20 مقابلوں کی سیریز کھیلنی تھی۔
اب یہ سلسلہ2021 کے اوائل میں ہوگا۔ انگلینڈ کی ٹیم اگلے سال کے شروع میں ہندوستان کا دورہ کرے گی۔ ونڈے کے علاوہ انگلینڈ بھی اس ٹور میں ٹسٹ چمپیئن شپ کے تحت ہندوستان کے خلاف5 میچوںکی سیریز کھیلے گا۔ تاہم ابھی تک اس کے شیڈول کو حتمی شکل نہیں دی گئی ہے ۔دوسری جانب ہندوستان اورآسٹریلیا کے مابین رواں سال3 دسمبر سے 4 میچوں کی ٹسٹ سیریز کھیلی جائے گی۔ پہلا میچ برسبین میں کھیلا جائے گا۔ ہندوستانی ٹیم اپنا پہلا ڈے نائٹ ٹسٹ بیرون ملک ایڈیلیڈ میں11 دسمبر کو کھیلے گی۔ کورونا کی وجہ سے ہندوستانی ٹیم کے کھلاڑیوں کو ٹورکے دوران 14 دن تک خودکو قرنطینہ میں رکھنا پڑے گا۔ لہذا ٹیم نومبر کے دوسرے ہفتے میں آسٹریلیا جائے گی۔گنگولی نے مزید کہا کہ بی سی سی آئی کو امید ہے کہ آئندہ چند مہینوں میں کوویڈ ۔19 میں بہتری آئے گی اور یہ کہ ڈومیسٹک کرکٹ محفوظ ماحول میں شروع ہو سکے گی۔