کمپیوٹر اور انٹرنیٹ کو ملا کرسائبر ٹکنالوجی کہا جاتاہے اور اس کے ذریعہ اب ہر کام انگلیوں کی جنبش پر ہونےلگا ہے توپھر سعودی عرب بندگان توحید کو عمرہ اورحج کا ویزافراہم کرنے میں اس سہولت کا استعمال کرنے میں کب پیچھے رہنے والا ۔ حج اور عمرہ کی غرض سے سعودی عرب جانے والے زائرین کے لئے خوشخبری یہ ہے کہ مملکت کی وزارت حج اور عمرہ حجاج اور متعمرین کے لئے الیکٹرانک ویزا (ای ویزا) کے اجراء کے ایک منصوبے پر عمل کر نے والی ہے جس کے نافذ العمل ہونے پر زائرین چند منٹوں میں ویزہ حاصل کر سکیں گے۔
حج اور عمرہ کے الیکٹرانک پلیٹ فارم کے عمومی نگران عبدالرحمان شمس نے انکشاف کیا ہے مجوزہ ویب پورٹل کے ذریعے غیر سعودی حجاج اور متعمرین مختلف سروسز پیکج منتخب کر کے آن لائن ویزے کی درخواست دے سکیں گے۔
مڈل ایسٹ براڈکاسٹنگ سینٹر ’’ایم بی سی‘‘ سے ایک انٹرویو میں عبدالرحمان شمس نے کہا کہ فی الوقت مملکت سے باہر عمرہ اور حج کی خاطر سعودی عرب آنے والے حجاج اور معتمرین اپنے اپنے ملکوں میں حج اور عمرہ کی خدمات فراہم کرنے والی کمپنیوں کے ذریعے سے ویزا اور اپنی پسند کے پیکج منتخب کرتے ہیں۔ الیکٹرانک ویزا کی سہولت متعلقہ ملکوں میں حج اور عمرہ کے لئے رجسٹرڈ اداروں کو دی جائے گی۔
وزارت سعودی عرب میں وزارت خارجہ اور داخلہ کے ساتھ مل ایسا طریقہ کار وضع کرنے میں مصروف ہے کہ جس کے تحت حجاج اپنا پاسپورٹ سفارتخانہ بھیجے بغیر متعلقہ ویزا حاصل کر سکیں۔
عبدالرحمان شمس نے خوشخبری دیتے ہوئے کہا کہ اگر حجاج آن لائن پورٹل کے لئے درکار معلومات درست انداز میں فراہم کریں گے تو ان کے لئے چند ہی امنٹوں میں ویزہ کا حصول ممکن ہو جائے گا۔اس اعلان کے بعد دنیا بھر کے زائرین میں خوشی کی لہر دوڑگئی ہےکیونکہ اب مبارک سفر پر جانا سب کےلئے آسان ہوچکا ہے۔