بلیا (اتر پردیش)۔ وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے منگل کو اپوزیشن جماعتوں پر چین کے ساتھ تنازعہ پر ملک کو گمراہ کرنے کا الزام لگایا اور کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو ملک کے اتحاد اور سالمیت کو برقرار رکھنا چاہئے۔ سلامتی کے لیے ہمیں متعصبانہ جذبے سے اوپر اٹھ کر ایک ساتھ کھڑا ہونا چاہیے۔
کانگریس، سماج وادی پارٹی (ایس پی) اور بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) پر نفرت پیدا کرنے کا الزام لگاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کانگریس نے نفرت کی سیاست کی اور ایس پی نے اسے آگے بڑھایا ہے۔ انہوں نے کہا ہم نفرت کی سیاست نہیں کرتے اور نہ ہی ذات پات کی بنیاد پر تفریق کرتے ہیں۔
ضلع کے سکندر پور علاقے کے بنشی بازار میں ایک انتخابی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سنگھ نے چین تنازعہ پر اپوزیشن جماعتوں پر تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ وادی گلوان کے مسئلہ پر گمراہ کرنے کی کوشش کی گئی۔ اپوزیشن جماعتوں کو فوجیوں کی بہادری اور حوصلے پر سوال نہیں اٹھانے چاہئیں کیونکہ اس سے فوجیوں کے حوصلے متاثر ہوتے ہیں۔ ملک کے اتحاد و سالمیت کو برقرار رکھتے ہوئے سلامتی کے معاملے پر سیاست کو بالائے طاق رکھتے ہوئے تمام سیاسی جماعتوں کو ساتھ کھڑا ہونا چاہیے۔
وزیر دفاع نے دعویٰ کیا کہ چین اور پاکستان کے درمیان دوستی ملک کے سابق وزرائے اعظم پنڈت جواہر لال نہرو، اندرا گاندھی اور منموہن سنگھ کے دور میں قائم ہوئی تھی۔چاہے کچھ بھی ہوجائے، بھارت ماتا کا سر جھکانے نہیں دیا جائے گا۔ میں اُڑی اور پلوامہ کے واقعے کا درد کبھی نہیں بھول سکتا۔
انہوں نے کہا کہ اس واقعے کے بعد ہندوستان نے دس منٹ میں فیصلہ لیا اور سرجیکل اسٹرائیک اور ایئر اسٹرائیک کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس کارروائی کے ذریعے ہندوستان نے دنیا کو یہ پیغام دیا کہ ہندوستان اب کمزور نہیں رہا۔ ہندوستان اس طرف بھی مار سکتا ہے اور سرحد کے اس پار بھی حملہ کرسکتا ہے ۔