Monday, June 9, 2025
Homeبین الاقوامیایران اور امریکہ کی کشیدگی میں عراق ثالثی کردار کا خواہاں

ایران اور امریکہ کی کشیدگی میں عراق ثالثی کردار کا خواہاں

- Advertisement -
- Advertisement -

بغداد۔ عراق نے امریکہ اور ایران کے درمیان ثالثی کردار  کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ ہمسایہ ملک پر عائد اقتصادی پابندیوں اورجنگی تناؤکے خاتمہ کے خواہاں ہیں۔ایران کے وزیر خارجہ جواد ظریف نے بغداد میں عراقی ہم منصب علی الحاکم سے ملاقات کی۔دونوں رہنماؤں نے خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیا ل کیا ۔ ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عراق کے وزیر خارجہ علی الحاکم نے امریکہ اور ایران میں ثالثی کردار کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ ہمسائے ملک پر اقتصادی پابندیاں خطے میں عدم استحکام کا باعث ہیں ، سخت اقتصادی پابندیوں پر ایران کی مدد کریں گے اور واشنگٹن سے پابندیاں نرم کرنے کے لیے بات چیت بھی کریں گے تاکہ خطے میں جنگ کا خطرہ ٹل جائے ۔

عراقی وزیر خارجہ نے کہا عراق یکطرفہ امریکی اقدامات کے خلاف ہے اور بغداد تہران کے ساتھ کھڑا ہے ۔اس موقع پر ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے کہا کہ ایران خلیجی ممالک کے ساتھ برابری کی بنیاد پر تعلق رکھنا چاہتاہے تاہم کسی بھی قوت کی جانب سے مسلط کی گئی معاشی یا جنگی جارحیت پر اپنا دفاع ایران خود کر ے گا۔جواد ظریف نے یورپی ممالک سے عالمی جوہری توانائی معاہدہ برقرار رکھنے کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کا بھی مطالبہ کیا اور کہا کہ امریکہ کا معاہدے سے نکلنا عالمی امن کو تباہ کرنے کی سازش ہے ۔بعد ازاں ایران کے وزیر خارجہ جواد ظریف نے عراق کے صدر اور وزیر اعظم سے بھی علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں اوردوطرفہ تعلقات و علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔دریں اثنا ایران کے نائب وزیر خارجہ عباس عراقی نے بھی اسی حوالے سے عمان کادورہ کیا۔