Monday, June 9, 2025
Homeبین الاقوامیایران کے خلاف کارروائی ،ٹرمپ کو قابو میں کرنے خود کانگریس کا...

ایران کے خلاف کارروائی ،ٹرمپ کو قابو میں کرنے خود کانگریس کا فیصلہ

- Advertisement -
- Advertisement -

نیویارک ۔ایران کی القدس فورس کے سربراہ جنرل قاسم سلیمانی کی ہلاکت سے پیدا ہونے والی کشیدہ صورتحال کے ردعمل میں امریکی سینیٹرز نے نیا بل متعارف کروانے کا اعلان کیا ہے جس کے تحت صدر ڈونلڈ ٹرمپ  کو ایران کے خلاف طاقت کے استعمال کے لیے کانگریس سے منظوری لینا ہو گی۔امریکی صدارتی امیدوار سینیٹر برنی سینڈرز اور سینیٹر روہت کھنہ کی جانب سے آج جاری  بیان میں کہا گیا ہے کہ کانگریس ایسے کسی فنڈ کی منظوری نہیں دی گی جو ایران میں یا اس کے خلاف جنگی کاروائی کے لیے استعمال ہو۔دوسری جانب امریکی صدر کے مطابق قاسم سلیمانی کو مارنے کا فیصلہ جنگ روکنے کے لیے کیا گیا۔

برنی سینڈرز نے کہا ہے کہ نیا قانون امریکی صدر کو ایران کے خلاف جنگ کے یکطرفہ فیصلے سے روکے گا۔سینیٹرز نے امریکی ایوان نمائندگان اور سینیٹ سے یہ بل جلد منظور کرنے کو کہا ہے تاکہ کانگریس اپنی آئینی ذمہ داری نبھا سکے۔سینیٹرز کے بیان کے مطابق ایک بار پھر ایسے خطرناک حالات پیدا ہو رہے ہیں جو مشرق وسطیٰ میں ایک اور تباہ کن جنگ کی طرف لے جا رہے ہیں۔ایران کے ساتھ جنگ سے متعدد جانیں ضائع ہوں گی اور مزید اربوں ڈالر خرچ ہوں گے، کشیدگی بڑھے گی، اور مزید لوگ بے گھر ہوں گے۔

بین الاقوامی تعلقات میں جنگ آخری حربہ ہونا چاہیے۔ اسی لیے ہمارے بانیوں نے جنگ کا معاملہ کانگریس کے ذمہ کیا تھا۔اس سے قبل صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک مختصر پریس کانفرنس میں کہا کہ امریکی فوج نے ان کی ہدایت پر دنیا کے اولین دہشت گرد قاسم سلیمانی کو ہلاک کیا ہے۔ساتھ ہی صدر ٹرمپ نے امریکی پالیسی واضح کرتے ہوئے کہا کہ جو دہشت گرد امریکیوں کو نقصان پہنچاتے ہیں یا نقصان کا ارادہ رکھتے ہیں، ہم آپ کو تلاش کریں گے، ہم آپ کو تباہ کر دیں گے۔ ہم ہمیشہ اپنے سفارتکاروں، فوجیوں، تمام امریکیوں، اور اپنے اتحادیوں کا تحفظ کریں گے۔

ٹرمپ نے مزید کہا کہ سلیمانی امریکی سفارتکاروں اور فوجی اہلکاروں پر حملے کا منصوبہ بنا رہا تھا، لیکن ہم نے اسے پکڑ لیا اور ختم کر دیا۔ کئی سال سے سلیمانی کی لیڈر شپ میں القدس فورس نے سینکڑوں امریکی شہریوں اور فوجیوں کو ہلاک، زخمی اور نشانہ بنایا۔صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ امریکہ اب سکھ کا سانس لے سکتا ہے کہ جنرل قاسم سلیمانی کی دہشت ختم ہوگئی ہے۔ٹرمپ نے واضح کیا کہ انہوں نے جنرل سلیمانی کو ہلاک کرنے کا اقدام جنگ شروع کرنے کے لیے بلکہ جنگ ختم کرنے کے لیے کیا ہے۔ساتھ ہی ٹرمپ نے کہا کہ وہ ایرانی قوم کی عزت کرتے ہیں اور ایران کی موجودہ حکومت کو تبدیل کرنے کے خواہش مند نہیں ہیں۔