Tuesday, June 10, 2025
Homesliderایمریٹس اور اتحاد ایئر لائنز کا پروازیں بحال کرنے کا اعلان

ایمریٹس اور اتحاد ایئر لائنز کا پروازیں بحال کرنے کا اعلان

- Advertisement -
- Advertisement -

دبئی: متحدہ عرب امارات کی فضائی کمپنیوں ایمریٹس ایر لائنز اور اتحاد ایر لائنز نے دنیا کے مختلف ممالک کے لیے ٹرانزٹ فلائٹس دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ اعلان حکومت کی جانب سے ایرپورٹس سے ٹرانزٹ پروازوں کی اجازت دیے جانے کے بعد کیا گیا۔

ایمریٹس نے 29 مقامات کے لیے دبئی کے راستے ٹرانزٹ فلائٹس دوبارہ کھولنے کا اعلان کیا جبکہ اتحاد نے یورپ، ایشیا اور آسٹریلیا کے 20 شہروں کے لیے فلائٹس کا اعلان کیا ہے۔تفصیلات  کے مطابق امارات ایر لائنز نے کہا ہے کہ پاکستان کے تین شہروں کراچی، لاہور اور اسلام آباد کے مسافر 8 جون سے امارات ایرلائنز کے ذریعے دبئی سے دیگر مقامات پر ٹرانزٹ فلائٹس بک کروا سکتے ہیں۔

لندن ہیتھرو، فرینکفرٹ، پیرس ، میلان ، میڈرڈ، شکاگو ، ٹورنٹو، سڈنی ، میلبورن اور منیلا کے لیے پروازیں 11 جون سے دوبارہ شروع ہو رہی ہیں۔ایمریٹس 15 جون سے مزید 16 مقامات کے لیے جن میں بحرین ، مانچسٹر ، زیورخ ، ویانا ، ایمسٹرڈیم ، کوپن ہیگن ، ڈبلن ، نیو یارک جے ایف کے ، سیئول ، کوالالمپور، سنگاپور، جکارتہ ، تائپی، ہانگ کانگ، پرتھ اور برزبن شامل ہیں وہاں کے مسافروں کو ٹرانزٹ سہولت کے لیے اپنی پروازیں شروع کرے گی۔

امارات ایر لائنز کا کہنا ہے متحدہ عرب امارات کے حکام کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں تاکہ دبئی اور دنیا کے مابین پروازوں کی بحالی کا سلسلہ مرحلہ وار دوبارہ شروع ہو سکے۔امارات کی سرکاری خبر رساں ایجنسی وام کے مطابق متحدہ عرب امارات کی حکومت کی جانب سے پہلے ہی کہا تھا کہ امارات کے  ایرپورٹس سے ٹرانزٹ پروازیں دوبارہ شروع کی جا رہی ہیں۔خلیجی ریاست میں کورونا وائرس کے باعث مارچ 2020 سے ٹرانزٹ فلائٹس کا سلسلہ معطل تھا۔

دوسری طرف ترکی بھی جون میں 40 کے قریب ممالک کے ساتھ پروازیں دوبارہ شروع کر رہا ہے۔ حکام کے مطابق ترکی نے اس حوالے سے 15 ممالک کے ساتھ باہمی ہوائی سفر کے معاہدے بھی کر لیے ہیں۔اس کے علاوہ قطر بھی جلد بین الاقوامی پروازیں شروع کرنے جا رہا ہے۔