حیدرآباد: گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن (جی ایچ ایم سی) نے شہر کے تمام دواخانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ برتھ اورڈیتھ سرٹیفکیٹس کی تفصیلات صرف آن لائن پلیٹ فارم کے ذریعے اپ لوڈ کریں۔ مطالبہ کیا گیا ہے کہ کارپوریشن کی طرف سے پیدائش اور موت کے سرٹیفکیٹس جاری کرنے میں کوئی تاخیر نہ ہو۔یہاں اس بات کا تذکرہ بھی اہم ہےکہ رواں ماہ سرٹیفکیٹ کے اجرائی میں تاخیر سے متعلق کچھ واقعات پیش آئے تھے۔ تاخیر کی وجہ کچھ سرکاری دواخانوں سے منسوب کی گئی تھی جنہوں نے جی ایچ ایم سی وارڈ دفاتر میں آن لائن تفصیلات اپ لوڈ کرنے کی بجائے کاغذی سرٹیفکیٹ حوالے کردیئے۔
جب تک محکمہ صحت کے ذریعہ تفصیلات اپ لوڈ نہیں کی جاتی ہیں جی ایچ ایم سی سرٹیفکیٹ جاری نہیں کرسکتا ہے۔ مثال کے طور پر اگرچہ ایک شخص می سیوا سنٹر میں تمام مطلوبہ دستاویزات جمع کر کے پیدائشی سند کے لئے درخواست دیتا ہے لیکن اگر ریاستی حکومت کے پورٹل میں تفصیلات دستیاب نہیں ہیں تو سرٹیفکیٹ جاری نہیں کیا جائے گا۔ پیدائش کی تفصیلات اپ لوڈ کرنے کی ذمہ داری دواخانہ کے انتظامیہ پر ہے۔
شہری می سیوا مراکز کے ذریعہ پیدائش / موت کے سرٹیفکیٹ کے لئے درخواست دے سکتے ہیں اور سرٹیفکیٹ کی ہارڈ کاپیاں اسی جگہ پر جاری کی جاتی ہیں۔مائی جی ایچ ایم سی ایپ سے ڈیجیٹل سرٹیفکیٹ بھی ڈاؤن لوڈ کیا جاسکتا ہے۔ پیدائش کا سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کے لئے ، دواخانہ کی طرف سے دی جانے والی دستاویزات کو می سیوا سنٹر میں درخواست فارم کے ساتھ جمع کروانا چاہئے۔
لیکن موت کا سرٹیفکیٹ جاری کرنے کے لئے دو طریقے ہیں۔ اگر موت دواخانہ میں ہوتی ہے تو دواخانہ کے انتظامیہ براہ راست تفصیلات آن لائن داخل کریں گےاور پیدائش اور موت کے رجسٹرار سے منظوری کے بعد درخواست دہندہ می سیوا میں سرٹیفیکٹ لے سکتا ہے۔ اگر کوئی ایسا دواخانہ ہے جس میں تفصیلات اپ لوڈ کرنے کے لئے لاگ ان کی سند نہیں ہے تو انہیں جی ایچ ایم سی کے عہدیداروں کے پاس تفصیلات پیش کرنا ہوں گے جو انہیں اپ لوڈ کرتے ہیں۔ ایک بار جب تفصیلات اپ لوڈ ہوجائیں تو سرٹیفکیٹ می سیوا سے حاصل کیا جاسکتا ہے۔اگر شخص گھر میں مرتا ہے تو میت کے لواحقین قبرستان سے رسید لے کر جی ایچ ایم سی کے شہری خدمات مرکز (سی ایس سی) میں جمع کروائیں ، سی ایس سی میں تفصیلات پیش کرنے کے بعد ہی وہ سرٹیفکیٹ کے حصول کے لئے می سیوا کا رخ کریں گے ۔