بھوپال: مدھیہ پردیش کے دارالحکومت بھوپال میں جمعہ کے روز صبح میں گنیش وسرجن کے دوران ایک کشتی الٹ جانے سے گیارلوگوں کی ڈوبنے سے موت ہوگئی۔یہ حادثہ صبح 4.30بجے،نئی مرمت شدہ ریاستی پولیس ہیڈ کوارٹر اور اسٹیٹ ڈیزاسٹرریسکیو ٹیم (ایس دی آر ایف) کے قریب نچلی جھیل کے خاتلا پورہ گھاٹ پر پیش آیا۔
پولیس نے بتایا کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق کشتی میں 19افراد سوار تھے۔پانچ افراد کو بچایا گیا اور تین افراد لا پتہ ہیں۔یہ واقعہ اس وقت ہوا،جب گنیش کی ایک بھاری مورتی درمیانی پانی میں جھک گئی۔عینی شاہدین کے مطابق دو کشتیاں آپس میں جڑی ہو ئی تھیں،جن میں 23افراد سوار تھے۔تمام افراد کی 27-28 سال عمرکے تھے۔جیسے ہی ایک کشتی الٹ گئی،لوگوں نے اس پر کودنے کی کوشش کی اور توازن کھو گیا۔
ہلاک ہونے والے افراد پیپلانی،بھیل ٹاؤن شپ کے کوارٹر زکے رہنے والے تھے۔میونسپل کارپوریشن نے بتایا کہاکہ ایس ڈی آر ایف کی ٹیمیں،غوطہ خور اور پولیس کی ٹیمیں تلا شی جاری رکھے ہوئے ہیں۔مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ کمل ناتھ نے افسوس کا اظہار کیا ہے اورہلاک ہونے والے ہر فردکے لواحقین کو چار لاکھ روپئے ایکس گریشیا دینے کا اعلان کیا ہے،اور واقعہ کی مجسٹریٹ سے تحقیقات کا حکم دیا ہے انہوں نے کہا کہ اس واقعہ میں لا پرواہی سامنے آنے کے بعد کسی کو بخشا نہیں جائے گا۔
سابق وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان نے اس واقعہ پر رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے ٹویٹ کیا اور انہوں نے غفلت کا معاملہ اٹھایا ہے اور حیرت کا اظہار کیا ہے کہ جلوس نکالنے والوں کو لائف جیکیٹس سے آراستہ کیوں نہیں کیا گیا تھا۔