Tuesday, June 10, 2025
Homeخصوصی رپورٹبیرون علی آباد کا قبرستان ’اوپن بار ‘ میں تبدیل

بیرون علی آباد کا قبرستان ’اوپن بار ‘ میں تبدیل

شہر خموشاں میں یہ کیسی ہلچل مچی ہوئی ہے؟
رسول عربی صلی اللہ علیہ وسلم نے قبرستانوں کی زیارت کی ترغیب دی ہے تاکہ عبرت حاصل ہو ‘ مگر آج ہمارا ایمان اتنا کمزور ہوچکاہے کہ قبرستانوں میں بھی گناہ کے ارتکاب سے نہیں چوکتے اور اللہ کو انتہائی ناپسندیدہ اعمال کا ارتکاب کرتے ہوئے بھی ہمیں یہ احساس نہیں ہوتا کہ ایک دن ہمیں بھی منوں مٹی تلے دبادیا جائے گا ‘ ہمیں نہ ہی اب قبر کے عذاب کا ڈر ہے اور نہ ہی یہ احساس کہ اپنے اعمال کا حساب دیناہے ۔ اگر درگاہ حضرت میر مومن چپؒ بیرون علی آباد سے متصل قبرستان سے گذرتے ہوئے کوئی مرحومین کے لئے دعائے مغفرت کرنے اندر داخل ہوجائے تو وہ وہاں کا منظر دیکھ کر ششدر رہ جائے گا کہ شہر خموشاں میں یہ کیسی ہلچل مچی ہوئی ہے؟ قارئین بھی سن کر حیرت میں پڑجائیں گے کہ زمانہ اتنا بگڑ چکاہے کہ قبرستان کے احاطہ میں گڑمبے کا کاروبار ہوتاہے ؟جی ہاں یہ سچ ہے نہ صرف قبرستان کے احاطہ میں گڑمبہ فروخت ہوتاہے بلکہ عاقبت نااندیش لوگ قبروں پر بیٹھ کر ہی شراب نوشی کرتے ہیں اور نشہ میں دھت پڑے رہتے ہیں۔ انہیں روکنے والا کوئی نہیں ہے ۔ ایسا نہیں کہ مقامی پولیس کو اس کا علم نہیں ‘ مقامی پولیس اچھی طرح جانتی ہے کہ قبرستان کے احاطہ میں ناجائز طور پر گڑمبے اور سستی شراب نہ صرف فروخت ہوتی ہے بلکہ لوگ اس شہر خموشاں کو خامو شی کے ساتھ کھلے بار شاپ میں تبدیل کررکھے ہیں۔  اس علاقہ کے مسلمانوں کی دینی حمیت بھی فوت ہوچکی ہے ورنہ وہ اپنے عوامی نمائندوں کی بے حسی اور وقف بورڈ کے تساہل پر خاموش نہیں بیٹھتے ۔ مقامی عوام کو شائد برا لگے مگر یہ ایک حقیقت ہے کہ ہم اپنے گھر کے پاس کسی شرابی کو پھٹکنے نہیں دیتے مگر قبرستان میں نشے میں دھت شرابیوں کی بے ہودگیوں کو برداشت کررہے ہیں اور اس بات کی بھی پرواہ نہیں کررہے ہیں کہ قبرستان کی حرمت کو پامال ہوتا دیکھنا بھی گناہ کے صیغہ میں آتاہے اور روز محشر ہم سے اس بارے میں پوچھ ہوگی کہ وہ طاقت رکھتے ہوئے اس معیوب حرکت کو کیونکر برداشت کرتے رہے ہیں۔ ایمان کے ارفع درجہ کی علامت یہ ہے کہ ہم برائی کوبہ زور طاقت روکیں اگر ایسا نہیں کرسکتے تو کم از کم زبان سے اسے برا قرا ر دیں اور وہ بھی نہیں کرسکتے تو دل میں اسے برا جانیں ۔ کاش کہ ہم اپنی ایمانی حرارت کا مظاہرہ کرتے اور قبرستان میں جاری حرام کاموں کو روک پاتے!