حیدرآباد:دنیا کے ہر ماں باپ اولاد سے بے انتہا محبت کرتے ہیں اور وہ دن رات ان کی خوشیوں کےلئے اپنی توانائیاں صرف کرتے ہیں لیکن والدین کو بسا اوقات اولاد کی اندھی محبت میں دوہرے نقصان اٹھانا پڑتا ہے جہاں انہیں اولاد کی جدائی کا غم برداشت کرنے کے علاوہ مالی نقصان اور سماج میں وقار کا نقصان بھی برداشت کرنا پڑتا ہے اور ایسا ہی ایک واقعہ حیدرآباد میں پیش آیا ہے جہاں ایک نوجوان سڑک حادثے میں اپنی جان گنوا بیٹھا اور اسکی ماں کے خلاف مقدمہ بھی درج کرلیا گیا ہے ۔
تفصیلات کے بموجب گچی باؤلی پولیس نے 19 سالہ نوجوان جی یوگیش ساگر کی والدہ کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے جو پچھلے مہینے ایک سڑک حادثے میں جاں بحق ہواتھا۔ماں کے خلاف مقدمہ اس لئے درج ہوا کیونکہ وہ اپنے بیٹے کو بغیر ڈرائیونگ لائسنس کے گاڑی چلانے کی اجازت دیی تھی جو کہ قانون کی خلاف ورزی ہے ۔ کنکریٹ مکسر ٹرک کے اسکوٹر سے ٹکرانے کے بعد ساگر کی موت ہوگئی۔ پولیس نے ساگر کی والدہ جی گیتا رانی کو بھی بک کرنے کے علاوہ ٹرک ڈرائیور ڈی بھومایا اور اس کے مالک کملاکر ریڈی کے خلاف مجرمانہ قتل کا بھی مقدمہ درج کیا ہے۔ پولیس نے کہا ہے کہ بھومایا نے بھاری گاڑی کو تیزرفتار اور ممنوعہ وقت کے دوران چلایا تھا ، جس سے یہ حادثہ پیش آیا تھا جس کے پاداش میں اسے گرفتار کرلیا گیا۔ یہ حادثہ 23 فروری کو گچی باولی کے مسجد بانڈہ کے قریب پیش آیا تھا جہاں بھومیاکے ذریعہ چلائی جانے والے ٹرک نے اس نوجوان کو کچل ڈالا۔
سٹی پولیس بارہا عوام کو یہ مشورہ اور ہدایت دے رہی ہے کہ وہ اپنے کمسن بچوں کو گاڑی چلانے کی اجازت نہ دیں اور اگر کوئی حادثہ پیش آتا ہے تو والدین کے خلاف بھی مقدمہ درج کیا جائے گا اور مذکورہ بالا واقعہ میں یہ ہی ہوا کہ کیونکہ یوگیش کو بغیر لائسنس کے گاڑی چلانے کی اس کی والدہ نے اجازت دی تھی اور وہ حادثہ کا شکار ہوگیا ۔