اُناؤ: حلقہ لوک سبھا اُناؤ کے بی جے پی اُمیدوار ساکشی مہاراج ایک بار پھر اپنے بیان کی وجہ سے سرخیوں میں ہیں۔انہوں نے کہا ہے کہ ایک سنیاسی کو ووٹ نہیں دیا تواپنے پاپ آپ کو دے جاؤں گا۔رکن پارلیمنٹ ساکشی مہاراج جمعہ کو اناؤ میں انتخابی تشہیر کے سلسلہ میں آئے ہوئے تھے۔
انہوں نے کہا کہ میں سنیاسی ہوں اور ایک سنیاسی جب بھیکشا مانگتا ہے اور اسے بھیکشا نہیں ملتی تو گھر سے پونیہ لے جاتا ہے ،اگر ایک سنیاسی کو ووٹ نہیں دیا تو میں اپنے پاپ آپ کو دے جاؤں گا ۔
ساکشی مہاراج نے مزید کہا کہ میں کوئی دھن یا دولت نہیں مانگ رہا ہوں،لوگوں سے ووٹ مانگ رہا ہوں۔ملک کے125 کروڑ لوگوں کی قسمت بدلنی ہے۔انہوں نے کہا کہ رائے دہی کنیادان کرنے کے برابر ہوتا ہے۔اس لئے سبھی لوگ گھروں سے نکل کر ووٹ دیں۔
واضح رہے کہ اناؤ سے رکن پارلیمنٹ ساکشی مہاراج جنہوں نے اس بار انہیں پارٹی کا ٹکٹ نہ دینے پر بی جے پی کی ناکا می کی دھمکی دی تھی۔اور اپنی پارٹی بی جے پی سے ناراضگی کا اظہار کیا تھا ۔جس کے بعد بھارتیہ جنتا پارٹی نے انہیں اُناؤ حلقہ سے ہی ٹکٹ دیا ہے۔اس کے بعد پھر ایک بار ان کے تیور بدلے ہوئے نظر آرہے ہیں۔