Saturday, September 14, 2024
Homesliderتلنگانہ سے مانسون 20 اکتوبر تک رخصت ہوجائے گا

تلنگانہ سے مانسون 20 اکتوبر تک رخصت ہوجائے گا

- Advertisement -
- Advertisement -

حیدرآباد ۔ جنوب مغربی مانسون سیزن 20 اکتوبر تک تلنگانہ سے ختم ہوجانے کا امکان ظاہر کیا گیاہے ۔ اس کے بعد ریاست میں شمال مشرقی مانسون شروع ہوگا۔ حیدرآباد میں انڈین میٹرولوجیکل سینٹر کے سربراہ ڈاکٹر کے ناگارتنا نے میڈیا  سے بات کرتے ہوئے کہا ہم اس وقت مانسون کے بعد کے موسم میں ہیں۔ تلنگانہ کے لیے مانسون کے ختم ہونے کا مرحلہ شروع ہو گیا ہے اور اگلے 2-3 دنوں کے اندر تلنگانہ میں مانسون کے ختم ہونے  کا مشاہدہ کیا جائے گا۔  اس کے بعد شمال مشرقی مانسون ایک ساتھ شروع ہو جائے گا۔ جنوب مغربی مانسون کو بارش سے تعبیر کیا جاتا ہے جو جون کے آغاز میں شروع ہوتی ہے اور ستمبر کے آخر تک ختم ہو جاتی ہے۔ ریاست تلنگانہ میں مانسون اکتوبر کے نصف تک غالب رہا۔ ریاست میں مہینے کے دوسرے ہفتہ میں بھاری سے بہت زیادہ بارش ہو رہی ہے۔

 حیدرآباد کے آئی ایم ڈی سنٹر نے بھی حال ہی میں ریاست میں یکم جون سے 30 ستمبر تک ہونے والی بارشوں کی مجموعی رپورٹ جاری کی ہے ۔ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ تلنگانہ اس سال 46 فیصد زائد بارش ہوئی ہے۔ ریاست بھر میں عام بارش کی توقع 734.8 ملی میٹر تھی جبکہ اصل بارش 1073.3 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی ہے ۔ سب سے زیادہ بارش جگتیال ضلع میں ریکارڈ کی گئی۔یہاں 91 فیصد زائد بارش ریکارڈ کی گئی، ضلع میں عام 811.1 ملی میٹر کے مقابلے 1550.1 ملی میٹر اصل بارش ہوئی۔

 ستمبر کے آخر میں سورج جنوب کی طرف پیچھے ہٹنا شروع ہوجاتا ہے اور ملک کا شمالی زمینی حصہ تیزی سے ٹھنڈا ہونا شروع ہو جاتا ہے اور شمالی ہندوستان پر ہوا کا دباؤ بڑھ جاتا ہے۔ اس کا ملک کے شمال مشرقی حصے سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ یہ عمل شمال مشرق سے جنوب مغرب تک جس سمت میں سفر کرتا ہے اس کی وجہ سے یہ نام  لیا گیا ہے۔ ڈاکٹر کے ناگارتنا نے مزید کہا کہ شمال مشرقی مانسون صرف جنوبی ہندوستان تک ہی محدود ہے، تامل ناڈو، آندھرا پردیش، مغربی بنگال اور اڈیشہ کی ساحلی پٹی آئندہ مانسون سے متاثر ہوں گی۔