حیدرآباد۔ صدر مجلس اتحاد المسلمین و رکن پارلیمنٹ حیدرآباد بیرسٹر اسد الدین اویسی نے کہا کہ صدر بی جے پی امیت شاہ کو یہ تسلیم کرلینا ہوگا کہ تلنگانہ ، شمالی ہند کی طرح نہیں ہے۔ یہاں عوام کی حکمرانی ہے۔ یہاں گاؤ رکشکھوں یا آر ایس ایس والوں کا راج نہیں ہے۔ بیرسٹر اویسی آج امیت شاہ کے حیدرآباد میں ان کے خلاف کئے گئے ریمارکس پر ردعمل ظاہر کررہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ امیت شاہ کتنا بھی حلق پھاڑ کر پکارلیں یہاں کوئی ان کے دام فریب میں آنے والا نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں گاؤ رکھشا کے نام پر لوگوں کو نہیں مارا جاتا ۔ یہاں پر بچے اور بچیوں کے بات کرنے پر نہیں مارا جاتا۔ تلنگانہ میں امن و شانتی ہے۔ یہاں کے عوام ہمیشہ یہ پیغام دے رہے ہیں کہ وہ متنوع تہذیب پر یقین رکھنے والے ہیں وہ گنگا جمنی تہذیب کے علمبردار ہیں۔ تلنگانہ کا یہی ماحول ان کے لئے پریشان کن ہے اور وہ اسے برداشت نہیں کرپاتے۔ کے سی آر کے بارے میں امیت شاہ کے اس تبصرہ پر کہ وہ اویسی کے اشاروں پر ناچ رہے ہیں، بیرسٹر اویسی نے کہا کہ حقیقت تو یہ ہے کہ امیت شاہ گاؤ رکھشک کے اشاروں پر ناچتے ہیں، آر ایس ایس کی بانسری پر ناچتے ہیں۔امیت شاہ اپنا کسی کے اشارہ پر ناچ کرنا چھوڑ دیں۔ دستور کو مانیں۔ تلنگانہ میں دستور کا راج ہے ۔ تلنگانہ میں بی جے پی کی دال گلنے والی نہیں ہے۔ یہاں پر آپ دیکھیں گے کہ یہاں کامیابی صرف ان کو ہوگی جو دستور کو مانتے ہیں اور متنوع تہذیب پر یقین رکھتے ہیں ۔ یہاں ان کی اشتعال انگیزی کا کچھ اثر ہونے والا نہیں ہے۔ انہیں یہاں ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا۔