حیدرآباد: تلنگانہ میں کورونا کے تازہ مریضوں کے منظر عام پر آنے کی نسبت وائرس سے صحت یاب ہونے والے افراد کی زیادہ تعداد دیکھنے میں آرہی ہے جوکہ راحت کی بات ہے۔متعلقہ حکام کے بموجب تلنگانہ میں پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران رپورٹ ہونے والے نئے کورونا مریضوں کے مقابلے میں کوویڈ 19 سے زیادہ افراد صحت یاب ہوئے ہیں۔ وبائی امراض سے مجموعی طور پر 2259 افراد صحت یاب ہوئے ہیں جبکہ 2207 افراد وائرس سے متاثرہ پائے گئے۔ نو مزید افراد نے کوویڈ سے دم توڑ دیا ، جس سے ہلاکتوں کی تعداد 1116 ہوگئی۔
ریاست میں اموات کی شرح قومی اوسط 1.57 فیصد کے مقابلے معمولی طور پر 0.58 فیصد ہوگئی۔ تازہ واقعات کے ساتھ ریاست کی تعداد 1128389 ہوگئی ، جن میں سے 29477 فعال مریض ہیں۔ ۔ اب تک صحت یاب ہونے والوں کی تعداد158690 ہوگئی۔ بحالی کی شرح قومی اوسطہ 82.88 فیصد کے مقابلے میں مزید 83.83 فیصد ہوگئی ہے۔ ہفتے کے آخر میں ٹسٹوں کی تعداد میں کمی کے بعد حکام نے54308 نمونوں کا تجربہ کیا جن میں23895 بنیادی رابطے شامل ہیں۔
ڈائریکٹر پبلک ہیلتھ اینڈ فیملی ویلفیئر کے دفتر سے جاری میڈیا بلیٹن کے مطابق ، فی لاکھ آبادی کے ٹسٹ کیے گئے نمونے مزید بہتر ہوکر 79206 ہو گئے۔ کورونا وائرس کے پھیلنے کے ابتدائی ایام میں حیدرآباد میں مریضوں کی تعداد زیادہ تھی اور نئے مریضوں کے دواخانوں سے رجوع ہونے کی تعداد بھی کافی زیادہ تھی لیکن جب لاک ڈاؤن پر سختی سے عمل ہونے لگا تو حیدرآباد میں کورونا مریضوں کی تعداد میں کمی ہونے کے ساتھ اضلاع میں کورونا وائرس پھیلنے لگا تھا ۔حالیہ دنوں میں عوام کی جانب سے وائرس سے خائف ہونے کے برعکس اس مہلک بیماری کے خلاف احتیاطی تدابیر نے کورونا مریضوں کی تعداد میں کمی میں اہم رول ادا کیا ہے ۔