Sunday, July 6, 2025
Homesliderجلدی بیماری، مغربی اترپردیش  میں 5,000 سے زیادہ جانور متاثر

جلدی بیماری، مغربی اترپردیش  میں 5,000 سے زیادہ جانور متاثر

- Advertisement -
- Advertisement -

لکھنؤ ۔ اترپردیش کے آٹھ اضلاع بشمول میرٹھ، باغ پت، ہاپوڑ، بلند شہر، شاملی، مظفر نگر ،سہارنپور اور بجنور میں اب تک 5,000 سے زیادہ مویشی جلد کی بیماری کے وائرس سے متاثر ہوئے ہیں جبکہ 30 کی موت ہو چکی ہے۔ کسانوں سے کہا گیا ہے کہ وہ متاثرہ جانوروں کو صحت مند جانوروں سے دور رکھیں اور جانوروں کے شیڈ میں فوگنگ کو یقینی بنائیں۔ویٹرنری ڈاکٹرز کے مطابق اس بیماری سے متاثرہ جانور بخار میں مبتلا ہوجاتے ہیں اور ان کی جلد پر خارشیں پڑجاتی ہیں جو کچھ عرصے بعد زخموں میں بدل جاتی ہیں۔ بیماری سے صحت یاب ہونے میں 2 سے 3 ہفتے لگتے ہیں۔
کسان بیماری کے بڑھتے ہوئے معاملات سے پریشان ہیں اور انہوں نے حکام پر الزام لگایا ہے کہ وہ اس کی جانچ کے لیے خاطر خواہ کوششیں نہیں کررہے ہیں۔میرٹھ ڈویژن کے ایڈیشنل ڈائریکٹر انیمل ہسبنڈری، برج ویر سنگھ نے کہا کہ بیماری کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے تمام احتیاطی تدابیر اختیار کی جارہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ ایک وبائی بیماری ہے اور ڈویژن کے تمام اضلاع میں بلاک سطح پر ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں تاکہ کسانوں کو احتیاطی تدابیر سے آگاہ کیا جا سکے۔سنگھ نے کہا ٹیموں نے کسانوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ بیمار جانوروں کو صحت مند جانوروں سے دور رکھیں اور اپنے شیڈ کو صاف رکھیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریاستی حکومت نے جانوروں کی تجارت کے میلوں اور سرحدی ریاستوں سے جانوروں کی نقل و حمل پر پابندی لگا دی ہے۔
سنگھ نے کہا کہ ڈویژن میں 300 سے زیادہ جانور اس بیماری سے متاثر ہوئے اور ان میں سے کم از کم تین کی موت صرف بلند شہر ضلع میں ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ شرح اموات کم ہے۔دریں اثنا، ضلعی عہدیداروں نے ویکسین کے لیے اپنی ضروریات ریاستی حکومت کو بھیج دی ہیں۔ سنگھ نے کہاہمیں امید ہے کہ جلد ہی ویکسین مل جائے گی۔