حیدرآباد۔ حیدرآباد میں پیش آئے ایک سڑک حادثہ میں متعدد اموات اور ایک شخص زخمی ہوا ہے ۔ تفصیلات کے بموجب ہفتہ کو کار جس میں وہ سفر کررہے تھے درخت سے ٹکراگئی اور اس حادثہ میں دو خواتین جونیئر فنکاروں سمیت تین افراد ہلاک اور ایک شخص زخمی ہوگیا۔ یہ حادثہ سائبرآباد پولس کمشنریٹ کے گچی باولی پولیس اسٹیشن کے حدود میں حیدرآباد سنٹرل یونیورسٹی کے قریب صبح تقریباً 3.30 بجے پیش آیا۔
کار جو گچی باؤلی سے لنگم پلی جا رہی تھی اور تیز رفتاری سے چلائی جا رہی تھی، سڑک کے کنارے درخت سے ٹکرا گئی۔ تصادم کا ایسا اثر تھا کہ گاڑی کے ٹکڑے ہو گئے۔ اس حادثے میں 25 سالہ بینک ملازم عبدالرحیم جو گاڑی چلا رہا تھا، بھی ہلاک ہو گیا۔ حادثے میں ہلاک ہونے والے جونیئر فنکاروں کی شناخت این منسا (23) اور ایم منسا (21) کے طور پر ہوئی ہے۔ ایک اور جونیئر آرٹسٹ سائی سدھو زخمی ہو گیا اور انہیں قریبی دواخانہ منتقل کر دیا گیا۔ پولیس نے لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے عثمانیہ جنرل اسپتال منتقل کیا اور تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔ دونوں جونیئر آرٹسٹ شہر کے امیرپیٹ علاقہ میں ایک ہاسٹل میں مقیم تھے۔ انہوں نے سدھو اور عبدالرحیم کے ساتھ کار کرایہ پر لی تھی۔ یہ سب مبینہ طور پر سدھو کے گھر میں شراب کی تھی اور لنگم پلی جارہے تھے جب یہ حادثہ پیش آیا۔ جونیئر فنکاروں کو ہفتہ کی صبح فلم کی شوٹنگ کے لیے روانہ ہونا تھا۔
حالیہ دنوں میں شہر میں بڑھتے حادثات کے ضمن میں جو رپورٹ منظر عام پر آئی ہے اس میں زیادہ تر حادثات کے اوقات صبح صادق سے قبل کے ہیں اور ماہرین نے اشارہ دیا ہے کہ رات بھر جاگنے کے بعد صبح ہونے سے قبل نیند کا شدید غلبہ ہوتا ہے جس کی وجہ سے اکثر گاڑیاں قابوسے باہر ہوجاتی ہیں اور حادثات کا شکا ر ہوتی ہے ۔اس کار حادثہ میں بھی مے نوشی اور رات کا جاگنا بنیادی وجہ ہونے کا خدشہ ہے ۔