حیدرآباد: ہفتہ کی رات تک جاری رہنے والی شدید بارش کے بعد تباہی کا ایک مرحلہ باقی ہونے کی پیش قیاسی کی گئی ہے حالانکہ حیدرآباد کے عام لوگوں نے اتوار کی صبح دھوپ اور تیز روشنی کا فائدہ اٹھایا لیکن شہر کے کچھ حصوں میں وقفے وقفے سے ہلکی سے ہلکی بارش یا گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی ہے۔ حالیہ طوفانی بارشوں نے حیدرآباد کے کئی علاقوں کو جھیلوں اور تالابوں میں تبدیل کردیا ہے اور ایک اندازہ کے مطابق 40 ہزار کے قریب خاندان اس تباہ کن بارش سے شدید متاثر ہوئے ہیں جنہیں اب کھانے پینے کے بھی لالے پڑچکے ہیں۔
محکمہ موسمیات کے حیدرآباد یونٹ نے پیلے رنگ کا انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ کے اطراف الگ الگ مقامات پر ہلکی اور گرج وچمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ اتوار کو سلطان پورہ اور آمینہ پور میں سب سے زیادہ 11.8 ملی میٹر بارش ہوئی جبکہ شاہ پورنگر میں 9 ملی میٹر بارش ہوئی۔ بارش کا سامنا کرنے والے شہر کے دیگر علاقوں میں کوکٹ پلی ، قطب اللہ پور ، میاں پور اور حیدر نگر شامل ہیں۔ ریاستی سطح پر ضلع نرمل میں سب سے زیادہ 38 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے ریاست کے لئے اگلے دو دنوں خاص طور پر 19 اور 20 اکتوبر کو نارنگی انتباہ بھی جاری کیا ہے۔ عہدیداروں کے مطابق ریاست کو بعض علاقوں میں ایک بار پھر موسلا دھار بارش کا سامنا کرنا پڑے گا۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ پیر کو وسطی خلیج بنگال میں ایک کم دباؤ کا علاقہ بننا شروع ہوا۔ یہ منگل تک مزید مضبوط ہوسکتا ہے۔ مغربی وسطی خلیج بنگال میں جنوبی آندھراپردیش کے ساحل سے دور 5.8 کلومیٹر کی سطح کی بلندی تشکیل پایا لہذا جنوبی تلنگانہ کے اضلاع میں خاص طورپر پیر اور منگل کو تیز سے شدید بارش متوقع ہے۔