Monday, July 7, 2025
Homeٹرینڈنگحیدرآباد کی فضائی آلودگی میں اطمینان بخش حد تک کمی

حیدرآباد کی فضائی آلودگی میں اطمینان بخش حد تک کمی

- Advertisement -
- Advertisement -

حیدرآباد شہر حیدرآباد میں ان دنوں موسم گرما اپنے عروج پر ہے۔ گرم ہواؤں اور تیز دھوپ کی وجہ سے عوام کو پریشانی ہو رہی ہے لیکن اس گرم موسم میں حیدرآبادی عوام کے لیے یہ خوشخبری بھی ہے کہ گزشتہ چند ماہ کے دوران شہر کی فضائی آلودگی میں اطمینان بخش سطح تک کمی آئی ہے ۔

تلنگانہ اسٹیٹ پلوشن کنٹرول بورڈ (ٹی ایس پی سی بی) کی جانب سے گزشتہ برس ماہ نومبر تا رواں برس ماہ اپریل کے پہلے ہفتے تک کے اعداد و شمار جاری کیے گئے ہیں جس میں شہر حیدرآباد کے چند اہم مقامات جن میں بالا نگر، مادھوپور، زوپارک ،صنعت نگر اوپل ، حیدرآباد سنٹرل یونیورسٹی اور مہاتما گاندھی بس اسٹیشن قابل ذکر ہیں ،ان مقامات پر گزشتہ چند ماہ کے دوران فضائی آلودگی کی سطح کی جو پیمائش کی گئی ہے اس میں اطمینان بخش سطح تک کمی واقع ہوئی ہے ۔

یہاں اس بات کا تذکرہ بھی اہم ہے کہ شہر میں فضائی آلودگی کی پیمائش کے لئے ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی  ) موجود ہے اور اس فہرست میں 0 تا 50 کا معیار بہتر فضائی ماحول تصور کیا جاتا ہے جبکہ 51 تا 100 کے درمیان کی پیمائش اطمینان بخش میعار تصور کی جاتی ہے اور اگر فضائی آلودگی کی پیمائش 201 تا  300 کے درمیان ہوجائے  تو یہ پھر ناقص فضائی ماحول تصور کیا جاتا ہے لیکن حیدرآباد کے بیشتر مقامات پر فضائی آلودگی جو زیادہ سے زیادہ 234 تک پہنچ چکی تھی اب وہ گھٹ کر 104اور بعض مقامات پر 69 تک بھی پہنچ چکی ہے ۔

زوپارک کے پاس کے علاقوں کی فضائی آلودگی سب سے زیادہ سنگین صورتحال اختیار کر چکی تھی ،یہاں  گزشتہ برس دسمبر میں فضائی آلودگی کی پیمائش 216 درج کی گئی تھی لیکن اپریل کے پہلے ہفتے میں یہ آلودگی کم ہونے کے بعد 103 درجے پر پہنچی ہے ، اسی طرح صنعت نگر میں دسمبر میں فضائی آلودگی 202 درج کی گئی تھی لیکن اپریل میں یہ 69 ہی درج ہوئی ہے۔ علاوہ ازیں بالانگر وہ مقام ہے جہاں کئی ایک صنعتیں قائم ہیں ،یہاں بھی گزشتہ چند ماہ کے دوران فضائی آلودگی کا ریکارڈ زیادہ سے زیادہ 182 درج کیا گیا تھا لیکن اپریل میں یہ 170 تک پہنچ چکا ہے۔

 شہروں میں موسم سرما میں فضائی آلودگی میں اضافہ ہوتا ہے جس کی اہم وجہ ہوا میں کہر اور شبنم کا شامل جانا ہے ۔ جب کہ موسم گرما میں فضائی آلودگی میں کمی واقع ہوتی ہے ، اس مرتبہ موسم گرما میں فضائی آلودگی میں اطمینان بخش سطح تک گراوٹ کی اصل وجہ حالیہ دنوں میں شہر حیدرآباد میں ہونے والی غیرموسمی بارشیں بھی ہیں۔ کیونکہ ان بارشوں کے پانی کی وجہ سے سطح زمین پر فضائی آلودگی میں اضافہ کرنے والی اشیاء بہہ کر بھی چلے گئے ہیں جس سے حیدرآباد کی ہوا میں تازگی آئی ہے۔