حیدرآباد ۔ ٹریفک پولیس نے خطرناک ڈرائیونگ میں ملوث افراد کے خلاف مقدمات درج کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور سخت اقدامات کا اعلان کیا گیا ہے ۔ پولیس یہ فیصلہ کرنے پر مجبور ہے کیونکہ خطرناک طریقے سے گاڑی چلانے کی وجہ سے حادثات میں اضافہ ہورہا ہے۔علاوہ ازیں جب پولیس ایسے افراد کو پکڑ ے گی تو ڈرائیور لائسنس منسوخ کروانے کے اقدامات بھی کئے جائیں گے ۔ان اقدامات کے بعد اب اس طرح کے لاپرواہ ڈرائیونگ کرنے والے ٹریفک پولیس کے ذریعہ عائد ہونے والے جرمانے کی ادائیگی سے بچ نہیں پائیں گے کیونکہ انکے خلاف اب صر ف جرمانے عاید نہیں ہوں گے بلکہ انکا ڈرائیونگ لائسنس منسوخ کردیا جائے گا اور اس کے لئے پولیس محکمہ ٹرانسپورٹ کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے تاکہ متعلقہ اعداد و شمار کو حاصل کیا جاسکے۔ اس کے علاوہ پولیس ایسے ڈرائیوروں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کے لئے تکنیکی اور قانونی رکاوٹوں کی نشاندہی کر رہی ہے۔
تازہ ترین قواعد کے مطابق قواعد کی خلاف ورزی کرنے پر ڈرائیور کو 12 پوائنٹس مل جاتے ہیں تو ،خود بخود معلومات محکمہ ٹرانسپورٹ تک پہنچ جائے گی۔ اس کا ڈرائیونگ لائسنس خودبخود منسوخ ہوجائے گا۔ عہدیدار اس سلسلے میں ایک وسیع پیمانے پر مشق کر رہے ہیں۔ پہلے پولیس ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے کے خلاف مقدمات درج کرتی ہے اور لاپرواہ ڈرائیور کو ہر خلاف ورزی پر پوائنٹس دیئے جائیں گے۔ اگر اس شخص کو 24 ماہ میں 12 پوائنٹس ہو جاتے ہیں تو اس کا ڈرائیونگ لائسنس تقریبا ایک سال کے لئے فورا منسوخ ہوجائے گا۔ ایک بار پھر اگر ڈرائیور 24 ماہ کے اندر اندر 12 پوائنٹس حاصل کرتا ہے تو اس کا ڈرائیونگ لائسنس دو سال کے لئے منسوخ کردیا جائے گا۔ بعض اوقات عدالتیں سرکاری حکام کو سڑک حادثات میں ملوث ڈرائیوروں کا ڈرائیونگ لائسنس منسوخ کرنے کا حکم بھی دیتی ہیں۔ گذشتہ پانچ سال کے دوران 18،977 سے زیادہ لائسنس منسوخ کردیئے گئے ہیں۔ ان میں سے 5،184 لائسنس نشے کی حالت میں ڈرائیونگ کے ہیں۔