
دبئی میں قائم ثریا آسٹرانومی سنٹر (مرکز الثریا الفلکی ) شہریوں میں خلا ء اور فلکیات کے بارے میں آگہی عام کرنے کے لیے کوشاں ہے۔اس مرکز کے
ڈائریکٹر اور چیف ایگزیکٹو حسن احمد الحریری کا کہنا ہے کہ لوگ اس مرکز میں آ کر علم الفلکیات کا تجربہ کرسکتے ہیں اور بہت کچھ سیکھ سکتے ہیں۔انھوں نے’’ العربیہ ‘‘سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس مرکز میں لوگوں کو خلائی سائنس کے بارے میں تعلیم دی جاتی ہے اور انھیں اس مضمون میں مزید تحقیق کے لیے تیار کیا جاتا ہے۔ یہ دبئی شہر میں محض ستارہ شناسی کا مرکز نہیں ہے بلکہ اس کے سو ا بھی بہت کچھ ہے۔الحریری کا کہنا تھا کہ ہمارے لیے صرف یہ کافی نہیں کہ کچھ سیکھیں اور بھول جائیں۔ ہم یہ چاہتے ہیں کہ لوگ سیکھیں اور اس کو عملی جامہ پہنائیں اور یہ عملی اقدامات نئے دَر وا کرنے کی بنیاد بنیں گے۔ان کا مؤقف تھا کہ ’’ تعلیم پر ہماری سرمایہ کاری اسی وقت سود مند ثابت ہوگی جب ہمارے بچے مشعل پکڑیں گے اور اس کے ساتھ کوئی اعلیٰ کام کر گزریں گے‘‘۔