نئی دہلی: کانگریس نے کہا ہے کہ خواتین کے لئے دہلی میٹرو اور ڈی ٹی سی بسوں کی مفت سواریوں کا اعلان عام آدمی پارٹی کا ایک اور ”جعلی وعدہ“ ہء،کیونکہ اس اعلا ن کے بعد سے عام آدمی پارٹی حکومت کی جانب سے اس سلسلہ میں کوئی اقدام نہیں کیا گیا ہے۔
دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے ڈی ٹی سی بسوں اور دہلی میٹرو میں خواتین کے لئے مفت سفر کا اعلان کیا تھا۔اس کے پچھلے تمام اعلانات کی طرح،یہ بھی ایک کھوکھلا وعدہ تھا،کیونکہ دو مہینے کے وقفے کے باوجود،نہ ہی حکومت نے خواتین کے لئے مفت ڈی ٹی سی اور میٹرو سفر کے نفاذ کے لئے باضابطہ طور پر کام کر نے کے لئے کو ئی کمیٹی تشکیل نہیں دی ہے۔اور نہ ہی حکومت نے اس کا کوئی فیصلہ کیا ہے۔
یہ بھی کہا گیا ہے کہ دہلی اسمبلی انتخابات کے پیش نظر،کیجریوال اس طرح کے اور بھی کھوکھلے اعلانات کریں گے،جو صرف خیالی تصور ہوں گے۔
اوکھلا بلاک کانگریس کمیٹی کے سابق صدر پرویز عالم نے آر ٹی آئی دائر کرتے ہوئے دہلی حکومت سے جواب طلب کیا ہے کہ ”کیجریوال حکومت نے وزیر اعلیٰ کے ذریعہ خواتین کے لئے مفت بس اور میٹرو سفر کے نفاذ کے لئے کیا اقدامات کئے ہیں۔انہوں نے یہ بھی پوچھا کہ کیا خواتین کے لئے اسکیم کے نفاذ کے لئے کوئی ڈیڈ لائن طئے کی گئی ہے۔۔؟
آر ٹی آئی کے جواب میں کہا گیا ہے کہ ”دہلی حکومت نے ڈی ٹی سی بسوں اور دہلی میٹرو میں خواتین کے لئے مفت سفر کے نفاذ کے لئے کوئی قدم نہیں اٹھایا ہے“۔انہوں نے کہا کہ اس ظاہر ہوتا ہے کہ کیجریوال کے مختلف اعلانات بالکل کھوکھلے ہیں۔
واضح ہوکہ کیجریوال نے تین جون کو اعلان کیا تھا کہ ان کی حکومت دہلی میٹرو اور ڈی ٹی سی بسوں میں خواتین کے لئے ایک مفت سفر اسکیم شروع کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہے،اور کہا تھا کہ یہ اسکیم چند ماہ میں نافذ ہوگی۔مگر ابھی تک اس کا نفاذ نہیں کیا گیا ہے۔