نئی دہلی۔ وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے ملکی دفاعی صنعت کی طرف سے ٹیکنالوجی کے میدان میں کی جانے والی اختراعات کو سراہا تے ہوئے کہا ہے کہ انہیں یقین ہے کہ ملک کا دفاعی شعبے میں خود کفیل بننے کا خواب ضرور پورا ہوگا۔ پونے کے انسٹی ٹیوٹ آف ایڈوانسڈ ڈیفنس ٹیکنالوجی کیمپس میں جمعہ کو بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کا افتتاح کرنے کے بعد راج سنگھ نے کہا کہ مجھے ابھی آپ لوگوں کے بنائے ہوئے کچھ سسٹم اور مصنوعات دیکھنے کا موقع ملا ہے ۔ انہیں دیکھ کر مجھے یقین ہے کہ ہندوستان کو خودکفیل بنانے کا خواب ضرور پورا ہوگا۔
انہوں نےمزید کہا ہے کہ حکومت نے ملک کو دفاعی شعبے میں خود کفیل بنانے کے لیے کئی اقدامات اور اسکیمیں شروع کی ہیں۔وزارت دفاع کی طرف سے ایسے کئی اقدامات شروع کیے گئے ہیں جہاں ہماری فوج ، اکیڈیمز ، صنعت اور حکومت کے نمائندے ایک مقام پر معلومات اور بہترین مشق کا اشتراک کرکے انوویشن کی راہ میں آگے بڑھ سکتے ہیں۔وزیر دفاع نے کہا کہ حکومت نے آئی ڈیکس سے متعلقہ خریداریوں کے لیے رواں سال 1000 کروڑ روپے کے بجٹ کی منظوری دی ہے ۔ اس کے علاوہ دفاع اور ایرو اسپیس کے شعبے میں انوویشن کو فروغ دینے کے لیے 300 سے زائد اسٹارٹ اپ کو مدد فراہم کرنے کے لیے تقریبا 500 کروڑ روپے الگ سے مختص کیے گئے ہیں۔
راج ناتھ نے مزید کہا ہے قومی تعلیمی پالیسی پر خصوصی توجہ کے ساتھ ایک نیشنل ریسرچ فاؤنڈیشن کا تصور پیش کیا گیا ہے جس میں اگلے پانچ سال میں پورے 50 ہزار کروڑ روپے تحقیق میں لگائے جائیں گے ۔ وزیر دفاع نے کہا کہ یہ ایک اچھی بات ہے کہ ڈیفنس انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی مسلح افواج اور ڈی آر ڈی او کے سائنسدانوں کو وقتا فوقتا بین الاقوامی ورکشاپ کا اہتمام کر کے نئی چیزوں کے بارے میں معلومات فراہم کر رہی ہے ۔