ابوظہبی: کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے کپتان دنیش کارتک نے بیٹ سے اپنی مایوس کن کارکردگی کے پیش نظر ٹیم کی کپتانی چھوڑدی ہے تاکہ وہ اپنی بیٹنگ پر توجہ مرکوز کرسکیں۔ انگلینڈ کے ورلڈ کپ فاتح کپتان ایون مورگن کو کارتک کی جگہ ٹیم کا نیا کپتان نامزد کیا گیا ہے ۔
دنیش کارتک کے مطابق وہ اپنی بیٹنگ پر اپنی توجہ مرکوزکرنا چاہتے ہیں اور ٹیم کی کامیابی میں اپنا رول ادا کرنا چاہتے ہیں لہذا وہ کپتانی کی ذمہ داری چھوڑ رہے ہیں۔ کارتک کی زیرقیادت کولکاتہ نے اس سیزن میں سات میں سے چار میچ جیتے ہیں اور تین میچ گنوائے ہیں اور وہ اس وقت پوائنٹس ٹیبل میں آٹھ پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے ۔
کارتک نے اس سیزن میں بیٹنگ کا مظاہرہ اچھا نہیںکیا ہے اور وہ فی الحال آئی پی ایل 13 میں 15.42 کی اوسط سے 108 رنز بنا ئے ہیں۔ کارتک کو گوتم گمبھیر کے بعد مارچ2018 میں کولکتہ کا کپتان بنایاگیا تھا۔2018 میں کے کے آر پلے آف میں جگہ بنانے میں کامیاب رہا لیکن گذشتہ سیزن میں لیگ راؤنڈ میں اس کا اخراج ہوگیا۔ کارتک نے 2018 سیزن میں 49.8 کی اوسط سے498 رنز بنائے تھے ۔
اپنی کپتانی میں 2019 ونڈے ورلڈ کپ خطاب جیتنے والے مورگن کو کارتک کی جگہ کولکتہ کی ذمہ داری سونپی گئی ہے ۔ مورگن فی الحال اس ٹیم کے نائب کپتان ہیں ۔ مورگن کی قیادت میں انگلینڈ 2016 کے ٹی 20 ورلڈ کپ کے فائنل میں پہنچا تھا جہاں وہ ویسٹ انڈیز سے اسے شکست ہوئی تھی ۔ مورگن کو کولکاتہ نے2019 کی نیلامی میں 5.25 کروڑ میں خریدا تھا۔ مورگن اس سے قبل2011 سے 2013 تک کولکتہ کی ٹیم میں شامل رہے ہیں۔
کارتک نے اس سیزن میں ممبئی انڈینز کے خلاف 30 ، سن رائزرس حیدرآباد کے خلاف صفر ، راجستھان رائلز کے خلاف ایک ، دہلی کیپیٹلز کے خلاف چھ ، چینائی سوپر کنگز کے خلاف 12 ، کنگز الیون پنجاب کے خلاف 58 اوررائل چیلنجرز بنگلور کے خلاف ایک رنز بنائے ہیں۔کولکاتہ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر وینکی میسور نے کہا کہ ہم خوش قسمت ہیں کہ کارتک جیسا کپتان ملا ہے جس نے ٹیم کو ہمیشہ آگے رکھا۔ ان جیسے کپتان کے لئے اس طرح کا فیصلہ لینا بہت مشکل ہے ۔ ہم ان کے فیصلے پر حیرت زدہ ہیں لیکن ساتھ ہی ساتھ اس کے فیصلے کا احترام بھی کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم خوش قسمت ہیں کہ ہمارے پاس اسکواڈ میں 2019 کے ورلڈ کپ فاتح کپتان مورگن ہیں جو کولکاتہ کے نائب کپتان تھے اور وہ ٹیم کو آگے لے جانے کی خواہش رکھتے ہیں۔ کارتک اور مورگن اس سیزن میں ایک ساتھ مل کر کام کر رہے تھے اور اب یہ دونوں ایک دوسرے کے ساتھ اور بھی بہتر طریقے سے کام کریں گے ۔ ہمیں امید ہے کہ دونوں پہلے کی نسبت بہت بہتر کام کریں گے ۔میسور نے کہا کہ کولکتہ نائٹ رائیڈرز کی پوری ٹیم کی جانب سے ، ہم نے کارتک کو دو سال سے زیادہ عرصے تک ٹیم کے کپتانی کے لئے شکریہ ادا کیا ہے اور مورگن کو نئی ذمہ داری کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے ۔