Monday, June 9, 2025
Homeٹرینڈنگدہلی میں سہ رخی مقابلہ، بی جے پی ،عآپ اور کانگریس میں...

دہلی میں سہ رخی مقابلہ، بی جے پی ،عآپ اور کانگریس میں سخت ٹکراؤ

- Advertisement -
- Advertisement -

نئی دہلی۔ ہندوستان کے دارالحکومت دہلی میں پارلیمانی انتخابات میں کانگریس بی جے پی اور عام آدمی پارٹی کے درمیان سہ رخی مقابلہ ہوگا اور شمال مشرقی دہلی نشت پرکانگریس اور بی جے پی کے ریاستی صدور آمنے سامنے ہوں گے ۔کانگریس اور عام آدمی کے درمیان گذشتہ کئی دنوں سے دہلی میں انتخابی اتحاد کے سلسلے میں بات چیت چل رہی تھی ۔ گوکہ عام آدمی نے درمیان میں ہی اپنے امیدواروں کا اعلان کردیا تھا ۔ نشتوں کے سلسلے میں اتفاق رائے نہیں ہوسکا اور بالآخرکانگریس نے بھی نامزدگی داخل کرنے کے آخری دن سے ایک دن قبل سات میں سے چھ نشتوں کے لئے اپنے امیدواروں کے ناموں کا اعلان کردیا۔

کانگریس نے دہلی کی ریاستی صدر اور سابق چیف منسٹر شیلا ڈکشت کو شمال مشرقی دہلی سے میدان میں اتارا ہے جہاں ان کا مقابلہ بی جے پی کے ریاستی صدر اور شمال مشرقی دہلی کے موجودہ رکن پارلیمنٹ منوج تیواری سے ہوگا۔ تیواری بھوجپوری فلموں کے مشہور اداکار اورگلوکار ہیں اور اس پارلیمانی حلقہ میں بھوجپوری بولنے والے اترپردیش اور بہار کے ووٹروں کی اچھی تعداد ہے ۔

بی جے پی نے چاندنی چوک سے سائنس اور ٹکنالوجی کے مرکزی وزیر ہرش وردھن کو دوبارہ ٹکٹ دیا ہے ۔ اس نشت پر ان کا مقابلہ کانگریس کے جے پرکاش اگروال سے ہے ۔ اگروال پندرہویں لوک سبھا میں مشرقی دہلی سے لوک سبھا کے رکن تھے ۔کانگریس نے نئی دہلی نشت سے سابق مرکزی وزیر اورکانگریس کے سابق ریاستی صدر اجے ماکن کو ٹکٹ دیا ہے ۔ پارٹی نے سابق ریاستی صدر اروند سنگھ لولی کو مشرقی دہلی سابق رکن پارلیمنٹ مہابل مشرا کو مغربی دہلی اور راجیش للوٹھیا کو شمال مغربی دہلی سے امیدوار بنایا ہے ۔ بی جے پی نے ڈاکٹر ہرش وردھن اور منوج تیواری کے علاوہ مغربی دہلی سے رکن پارلیمنٹ پرویش ورما اور جنوبی دہلی سے رمیش ودھوڑی کو میدان میں اتارا ہے ۔دہلی میں لوک سبھا کی سات نشتیں ہیں۔ کانگریس نے اب تک چھ امیدواروں کا اعلان کیا ہے ۔ جب کہ بی جے پی چار نشتوں کے لئے امیدواروں کے نام طے کرچکی ہے ۔عام آدمی پارٹی بھی سات نشتوں کیلئے پہلے ہی امیدواروں کے ناموں کا اعلان کرچکی ہے ۔ پارٹی نے مغربی دہلی سے بلبیر سنگھ جاکھڑ، چاندنی چوک سے پنکج گپتا، مشرقی دہلی سے آتشی، شمال مغربی دہلی سے گگن سنگھ ، جنوبی دہلی سے راگھو چڈھا، شمال مشرقی دہلی سے دلیپ پانڈے اور نئی دہلی سے برجیش گوئل کو انتخابی میدان میں اتارا ہے ۔