نئی دہلی۔ دہلی کے چیف منسٹر اروند کیجریوال نے پیرکو یہاں آئی پی ڈپو سے پہلی الیکٹرک بس کو ہری جھنڈی دکھاتے ہوئے کہا کہ پہلی الیکٹرک بس آج سے دہلی کی سڑکوں پر چلنا شروع ہوگئی ہے ۔کیجریوال نے کہا ہے کہ دہلی کی پہلی الیکٹرک بس آج سڑک پرآگئی ہے ۔ آج کا دن کئی لحاظ سے بہت اہم ہے ۔ سب سے پہلے دہلی میں ٹرانسپورٹ کے شعبہ میں ایک نئے دورکا آغاز ہوا ہے ۔ پہلی الیکٹرک بس سڑک پر اتری ہے ۔ میں سمجھتا ہوں کہ آنے والے برسوں میں پرانی بسوں کو ہٹانے کے ساتھ ہی دہلی کی سڑکوں پر الیکٹرک بسیں آئیں گی۔ یہ آلودگی پر قابو پانے کی طرف ایک بہت اہم قدم ہے ۔ اس بس کے چلانے کے دوران کوئی آواز نہیں آتی اور اس بس سے ہلکا سا دھواں بھی نہیں نکلتا۔ آج پہلی بس سڑک پرآ گئی ہے اور ہمیں توقع ہے کہ اپریل تک300 بسیں پہنچ جائیں گی۔ اس کے بعد ہم اگلے چند برسوں میں مزید 2000 الیکٹرک بسیں لانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
چیف منسٹر نے کہا کہ دہلی میں ایک اور بڑی بات ہوئی ہے کہ 2011 سے آج تک ڈی ٹی سی کے بیڑے میں ایک بھی نئی بس نہیں آئی تھی۔ میں سمجھتا ہوں کہ آج 2011 کے بعد ڈی ٹی سی کے بیڑے میں پہلی بس ہے ۔ یہ بس کلسٹر کے بیڑے میں شامل نہیں ہے ۔ یہ بس مکمل طور پر ڈی ٹی سی کے دائرہ اختیار میں ہے ۔ کیجریوال نے مزید کہاکہ میں سمجھتا ہوں کہ اب ڈی ٹی سی کے اندر مزید نئی بسیں آنا شروع ہو جائیں گی۔ اس بس کی بیٹری ایک سے ڈیڑھ گھنٹے میں مکمل چارج ہو جاتی ہے اور ایک بار بیٹری چارج ہونے کے بعد یہ بس کم ازکم 120 کلومیٹر تک چلتی ہے ۔ ہمارے تمام ڈپو میں چارجنگ کے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔
اسی دوران دہلی کے وزیر ٹرانسپورٹ کیلاش گہلوت نے ٹویٹ کرکے کہاکہ مبارک ہو دہلی! یہ ہم سب کے لیے بے پناہ خوشی کا لمحہ ہے ۔ عزت مآب چیف منسٹراروند کیجریوال نے آج ڈی ٹی سی کی پہلی الیکٹرک بس کو عوام کے نام وقف کیا۔ ماحول دوست ٹرانسپورٹ کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ ہم دہلی کے لوگوں کو عالمی معیار کی ٹرانسپورٹ سروس فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ پہلی الیکٹرک بس دہلی میں چلنا شروع ہوئی۔ یہ جدید ترین بس صفر ٹیل پائپ کے اخراج کے ساتھ صدفیصد الیکٹرک ہے ۔ یہ بسیں ان 300 الیکٹرک بسوں میں شامل ہیں جو آنے والے دنوں میں ڈی ٹی سی کے تحت شامل کی جائیں گی۔
دہلی میں پہلی الیکٹرک بس خدمات کا آغاز
- Advertisement -
- Advertisement -