نئی دہلی۔ عام آدمی پارٹی (عآپ) نے لوک سبھا انتخابات کے پیش نظر یہاں جاری اپنے انتخابی منشور میں دہلی کو مکمل ریاست کا درجہ دلانے کا وعدہ کیا ہے ۔عام آدمی پارٹی کے کنوینر اور دہلی کے چیف منسٹر اروند کیجریوال نے ڈپٹی چیف منسٹر منیش سسودیا، راجیہ سبھا رکن پارلیمان سنجے سنگھ اور پارٹی کے دیگر سینئر لیڈروں کی موجودگی میں 38 صفحات پر مشتمل انتخابی منشور جاری کیا۔
انتخابی منشور میں کہا گیا ہے کہ دہلی میں عام آدمی پارٹی 2019 کے لوک سبھا انتخابات میں مکمل ریاست کا درجہ دلانے کے لئے لڑرہی ہے ۔ دہلی میں سات لوک سبھا نشتیں ہیں لیکن دیگر ریاستوں سے جیت کر آئے پارٹی کے دیگر ارکان پارلیمنٹ اور راجیہ سبھا کے تین اراکین مل کر دہلی کو مکمل ریاست کا درجہ دلانے کو یقینی بنانے کے لئے پارلیمنٹ سے لے کر سڑک تک لڑائی لڑیں گے ۔
دہلی میں برسراقتدار عام آدمی پارٹی نے کہا کہ دہلی کو مکمل ریاست کا درجہ دلانے کے لئے وہ دہلی والوں سے جذباتی طور سے منسلک دیگر سیاسی پارٹیوں کا بھی ساتھ لے گی۔ کیجریوال نے انتخابی منشور جاری کرنے کے بعد میڈیا سے کہا کہ یہ انتخابات وزیراعظم منتخب کرنے کے لئے نہیں ہے لیکن دہلی کوایک ریاست بنائیں گے ۔ کچھ بھی کریں گے ، دہلی کو مکمل ریاست بنا کر رہیں گے ۔
اگر دہلی کو مکمل ریاست کا درجہ مل جائے تو پولس کو عوام کے تئیں جوابدہ بنایا جائے گا۔ خواتین کی سلامتی کے نظم میں بہتری لائی جائے گی۔ دہلی کے کالجوں میں یہاں کے85 فیصد طلبہ کو داخلہ دیا جائے گا۔ دہلی کے ڈپٹی چیف منسٹر منیش سسودیا نے اس موقع پر کہا کہ ہمارے انتخابی منشور سے عوام کو یہ معلوم ہوا کہ دوسرے ممالک کے دارالحکومت کو مکمل ریاست کا درجہ کیسے ملا اور منتخب حکومت کے پاس سبھی حقوق ہوتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر دہلی ایک مکمل ریاست ہوتی تو جن لوک پال بل پاس ہوگیا ہوتا۔ 2015 اسمبلی انتخابات کے بعد دہلی میں برسراقتدار آئی عام آدمی پارٹی کی حکومت صحت اور تعلیم کے شعبوں میں بہتر کام کررہی ہے ۔ پارٹی کے آج جاری کردہ انتخابی منشور میں بھی انہیں دو شعبوں پر توجہ مرکوز کی گئی ہے ۔
انتخابی منشور میں وعدہ کیا گیا ہے کہ دہلی کو مکمل ریاست کا درجہ ملنے کے بعد دہلی کے طالب علموں کو کالج میں داخلہ میں تحفظات دیا جائے گا۔عآپ نے اپنے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دہلی کے ہر کالج کی85 فیصد نشتیں یہاں کے شہریوں کے لئے محفوظ کی جائیں گی۔ پارٹی نے اسکولوں میں سہولتوں کے اضافے کے علاوہ سرکاری اسکولوں کے گیسٹ ٹیچر کی خدمات ریگولر کرنے کا وعدہ کیا ہے ۔
عام آدمی پارٹی نے صحت کے شعبہ میں اور بہتری کا وعدہ کرتے ہوئے کہا کہ مکمل ریاست کا درجہ ملنے پر ہم اور نئے محلہ کلینک کھولیں گے جس سے دہلی کے ہر شہری کو ایک کلومیٹر کے دائرے میں صحت کی سہولتیں مل سکیں ۔ دہلی کے مکمل ریاست کا درجہ ملنے پر خواتین کو دہلی پولس کے سبھی عہدوں پر33 فیصد تحفظات کو یقینی بنایا جائے گا۔ ہر تھانے میں خواتین کے خلاف ہونے والے جرائم پر قابو پانے کے لئے خصوصی سیل بنایا جائے گا۔
پورے ملک میں بدعنوانی کے خلاف مہم چلانے والی عام آدمی پارٹی نے اپنے انتخاب منشور میں کہا ہے کہ دہلی کو مکمل ریاست کا درجہ ملنے پر جن لوک پال بل کا نفاذ کیا جائے گا جس سے ایک موثر لوک پال مقرر کیا جاسکے ۔ یہ لوک پال ہر سرکاری عہدیدار کی جانچ کرسکے گا۔
کیجریوال نے کہا کہ ہم دہلی کے نوجوانوں کو یہاں کی سرکاری ملازمتوں میں 80 فیصد تحفظات دیں گے ۔ یہاں کے سبھی خالی عہدوں کو ایک سال کے اندر بھر دیا جائے گا۔عآپ کے انتخابی منشور میں کہا گیا ہے کہ ہم کسی صنعت اور دکانوں کو بند نہیں کریں گے ۔ گزشتہ تین برسوں میں بند کی گئیں دکانوں کے معاملوں کا جائزہ لینے کے لئے ایک اعلی اختیاراتی کمیٹی تشکیل دیں گے ۔عآپ نے 2015 اسمبلی انتخابات میں دہلی کی 70 میں سے 67 نشتیں جیت کر تاریخ بنائی تھی۔ پارٹی دہلی کی سبھی ساتوں نشتوں پر انتخابات لڑرہی ہے ۔ یہاں 12 مئی کو رائے دہی ہوگی۔