Wednesday, April 23, 2025
Homesliderراج کندرا کی بمبئی ہائی کورٹ میں درخواست مسترد، شرلین چوپڑہ سے...

راج کندرا کی بمبئی ہائی کورٹ میں درخواست مسترد، شرلین چوپڑہ سے پوچھ گچھ

- Advertisement -
- Advertisement -

ممبئی۔ بالی ووڈ فلم اداکارہ شلپا شیٹی کے شوہراور بزنس مین راج کندرا جن پرفحش فلموں کا الزام ہے، ان کی فوری طور پر جیل سے  رہائی نہیں ہورہی ہے  جبکہ اس مقدمہ میں ایک اور اداکارہ  شرلین  چوپڑہ  سے کرائم برائچ نے 8 گھنٹے تک پوچھ گچھ کی ہے  ۔ بمبئی ہائی کورٹ نے انہیں گرفتار نہ کرنے اور فوری طور پررہا کرنے کی درخواست مسترد کر دی ہے۔ ہائی کورٹ نے اپنے حکم میں کہاکہ مجسٹریٹ کورٹ کے اس حکم میں کچھ غلط نہیں ہے جس میں ٹرائل کورٹ نے 20 جولائی کو راج کندرا کو پولیس تحویل میں بھیج دیا تھا۔

کندرا اورریان تھورپے نے مجسٹریٹ کی عدالت کے ریمانڈ کے حکم کو چیلنج کیا تھا اور فوری رہائی کا مطالبہ کیا تھا۔بزنس مین کندرا کو ان کے ایک ساتھی ریان تھورپے کے ساتھ فحش فلمیں بنانے میں ملوث ہونے پر 19 جولائی کو گرفتار کیا گیا تھا ، تاہم انہوں نے دلیل دی ہے کہ زیربحث مواد فحاشی پر مبنی  نہیں ہے  اور اسی طرح کا مواد او ٹی ٹی پلیٹ فارم پر دستیاب ہے۔اس معاملے میں ممبئی پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ تحقیقات کے دوران پتہ چلا کہ کندرا نے آرمس پرائم میڈیا پرائیویٹ لمیٹڈ بنایا جس نے سوشل میڈیا پر قابل اعتراض ویڈیوز اپ لوڈ کرنے کے لیے لندن کی کینرین پرائیویٹ لمیٹڈ کے ذریعے ہاٹ شاٹس ایپ خریدی ہے ۔

پولیس نے یہ بھی الزام لگایا کہ کندرا نے گزشتہ سال اگست اور دسمبر کے درمیان ہاٹ شاٹس کے ذریعے 1.17 کروڑ روپئے سے زائدآمدنی حاصل کی ہے ۔ پولیس نے ملزم کے دفتر پر چھاپے کے دوران 51 قابل اعتراض ویڈیوز ملنے کا بھی دعویٰ کیا ہے۔علاوہ ازیں اس مقدمہ کی تحقیقات کے ضمن میں ممبئی کرائم برانچ نے بالی ووڈ اداکارہ شرلین چوپڑہ سے 8 گھنٹے پوچھ گچھ کی ہے ۔ممبئی کرائم برانچ کی اس کارروائی کے بعد شیرلین نے کہا کہ حکام نے ان سے کندرا کے ساتھ ان کا رشتہ ، کتنے ویڈیوز انہوں نے بنائے  کے علاوہ آرمس پرائم کے ساتھ میرے معاہدہ اور معاہدہ کے قواعد و شرائط کی تفصیلات بھی دریافت کئے ہیں۔