Tuesday, October 8, 2024
Homesliderراہول گاندھی کی سدھو موسی والا کے اہل خانہ سے ملاقات

راہول گاندھی کی سدھو موسی والا کے اہل خانہ سے ملاقات

- Advertisement -
- Advertisement -

مانسا (پنجاب) ۔ کانگریس کے سابق صدر راہول گاندھی نے منگل کو آنجہانی پنجابی گلوکار سدھو موسی والا کے اہل خانہ سے ملاقات کی اور تعزیت پیش کی۔ پنجاب میں امن و امان کی صورتحال پر ریاست کی عام آدمی پارٹی (عآپ) حکومت کو نشانہ بناتے ہوئے، انہوں نے کہا کہ ریاست میں امن برقرار رکھنا ان کے بس کی بات نہیں ہے۔کانگریس کے ایک لیڈر نے بتایا کہ منگل کی صبح چنڈی گڑھ کے ایرپورٹ پر اترنے کے بعد راہول سیدھے پنجاب کے مانسا ضلع کے موسی والا کے آبائی گاؤں موسی پہنچے اور ان کے خاندان کے ساتھ تقریباً 50 منٹ گزارے۔ انہوں نے موسی والا کو بھی پھول چڑھائے۔
پنجاب کانگریس کے سربراہ امریندر سنگھ راجہ وڈنگ، پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر پرتاپ سنگھ باجوہ اور سابق نائب وزیر اعلیٰ او پی سونی سمیت کئی دیگر کانگریس لیڈر بھی راہول کے ساتھ موسی والا کے گاؤں گئے۔موسی والا کے اہل خانہ سے ملاقات کی چند تصاویر شیئر کرتے ہوئے راہول نے ٹویٹ کیا کانگریس لیڈر سدھو موسی والا جی کے والدین جس غم سے گزر رہے ہیں اسے بیان کرنا مشکل ہے۔ ان کو انصاف دلانا ہمارا فرض ہے اور ہم ان کے ساتھ انصاف کریں گے۔
انہوں نے الزام لگایا کہ ریاست کی امن و امان کی صورتحال مکمل طور پر تباہ ہوچکی ہے۔ پنجاب میں امن و امان برقرار رکھنا عآپ کی حکومت کے بس کی بات نہیں ہے۔
موسی والا کو 29 مئی کو مانسا میں نامعلوم حملہ آوروں نے گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا۔ جب یہ واقعہ پیش آیا تو راہول بیرون ملک تھے اور وہ گزشتہ ہفتے وطن واپس آئے ہیں ۔
موسی والا نے گزشتہ سال دسمبر میں کانگریس میں شمولیت اختیار کی تھی۔ انہوں نے 2022 کے پنجاب اسمبلی انتخابات میں مانسا سیٹ سے کانگریس کے ٹکٹ پر قسمت آزمائی تھی، لیکن وہ الیکشن جیتنے میں ناکام رہے۔
مختلف جماعتوں کے رہنما اور سرکردہ شخصیات موسی والا کے اہل خانہ سے ملنے اور ان سے تعزیت کے لیے موسی گاؤں کا دورہ کر رہی ہیں۔راہول کی آمد سے کچھ دیر قبل پٹیالہ سے کانگریس کی رکن پارلیمنٹ پرنیت کور نے بھی آنجہانی گلوکار کے گھر جاکر اہل خانہ سے تعزیت کی۔ پرنیت کور کو ان کی مبینہ مخالف پارٹی سرگرمیوں کے لیے گزشتہ سال وجہ بتاؤ نوٹس جاری کیا گیا تھا۔تاہم، کانگریس کے سابق صدر کے پہنچنے سے پہلے ہی وہ موسی والا کے گھر سے نکل گئیں۔ پرنیت کور پنجاب کے سابق وزیر اعلیٰ امریندر سنگھ کی اہلیہ ہیں۔
مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ اور پنجاب کے وزیر اعلی بھگونت مان نے بھی موسی والا کے والدین سے ملاقات کی ہے۔کانگریس کے سینئر لیڈر پرتاپ سنگھ باجوہ نے وزیر اعلیٰ مان کو خط لکھ کر موسی والا قتل مقدمہ  کی تحقیقات سنٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) یا نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) کو منتقل کرنے پر زور دیا ہے، تاکہ ان کے خاندان کو انصاف مل سکے۔