دبئی۔ انگلینڈ کے کپتان جو روٹ اور فاسٹ بولر جیمس اینڈرسن ہندوستان کے خلاف پہلے ٹسٹ میں فاتحانہ کارکردگی کی بدولت آج جاری کی گئی تازہ ترین آئی سی سی ٹسٹ درجہ بندی میں بالترتیب بیٹنگ اور بولنگ میں تیسرے مقام پر پہنچ گئے ہیں جبکہ ہندوستان کے کپتان ویراٹ کوہلی کو نقصان برداشت کرنا پڑا ہے اور وہ پانچویں نمبر پر کھسک گئے ہیں۔روٹ نے چینائی ٹسٹ میں پہلی اننگز میں218 اوردوسری اننگز میں40 رنزبنائے اور انگلینڈکی227 رنز کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔ اس سے قبل روٹ نے سری لنکا کے دورہ میں دو ٹسٹ میں228 اور 186 رنزبنائے تھے ۔ سری لنکا اور ہندوستان میں کھیلے گئے تین ٹسٹ میچوں میں جو روٹ نے 684 رنزبنائے ہیں۔
انگلینڈ کے کپتان نے دو مقامات کی چھلانگ لگائی۔ ہندوستانی کپتان کوہلی اور آسٹریلیائی مارنس لیوشین کو پیچھے چھوڑکر تیسرامقام حاصل کرلیا۔ روٹ کے پاس اب 883 ریٹنگ پوائنٹس ہیں ، دوسرے نمبر پر آسٹریلیا کے اسٹیون اسمتھ سے آٹھ پوائنٹس پیچھے ہیں اور نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن سے36 پوائنٹس پیچھے ہیں۔روٹ کی درجہ بندی ستمبر2017 کے بعد سے بہترین ہے ، جبکہ کوہلی نومبر2017 کے بعد پہلی مرتبہ ٹاپ تین بیٹسمینوں سے باہر ہوگئے ہیں۔کوہلی پانچویں نمبر پر آگئے ہیں۔
چینائی ٹسٹ کی پہلی اننگز میں91 رنز بنانے والے وکٹ کیپر بیٹسمین رشبھ پنت 13 ویں مقام پر برقرار ہیں۔ نوجوان اوپنر شبھمن گل نے دوسری اننگز میں50 رنز بنائے جس کی بدولت وہ سات بیٹسمینوں سے آگے آتے ہوئے 40 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔انگلینڈ کے تجربہ کار فاسٹ بولر اینڈرسن نے میچ میں مجموعی طور پر پانچ وکٹیں حاصل کیں اور پانچویں دن صبح کے سیشن میں تین وکٹیں حاصل کرکے ہندوستانی بیٹنگ کی کمر توڑ دی۔ 38 سالہ اینڈرسن تین مقام کی بہتری کے ساتھ تیسرے نمبر پر آگئے ہیں۔ یہ اینڈرسن کی2019 ایشز کے بعد سب سے بہترین مقام ہے ۔ دنیا کے نمبر ون بولرآسٹریلیا کے پیٹ کمنس ہیں۔ دوسرے نمبر پر انگلینڈ کے اسٹورٹ براڈ ہیں ۔