حیدرآباد : سٹی پولیس نے ریاست کے وزیر اعلیٰ کے سی آر،ان کے فرزند و حکمران ٹی آر ایس پارٹی کے کار گذار صدر کے ٹی راما راؤ،اور بیٹی کے کویتا،ڈی جی پی مہندر ریڈی اور دیگر ممتاز افراد کو آلودہ پانی سے بھری بوتلیں بھیجنے کی کوشش کرنے والے شخص کو گرفتار کر لیا۔ملزم کو سکندرآباد پوسٹ آفس میں لگائے گئے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے گرفتار کیا گیا۔اس کی شناخت سکندرآباد کے رہائشی کے طور پرم ہوئی۔پولیس ملزم سے پوچھ تاچھ کر رہی ہے،اس کو شبہ ہے کہ ملزم نے ریاستی حکومت کے حکمرانوں کو اپنے علاقہ میں آلودہ پانی کی فراہمی کے بارے میں بتانے کے لئے اس طرح کی حیرت انگیز حرکت کا سہارا لیاہے۔
پوسٹ آفس حکام نے ملزم سے مجموعی طور پر 60پارسل حاصل کئے ہیں۔دیگر پارسلس پر پتے نہیں تھے۔پوسٹ آفس کے حکام نے وزیر اعلیٰ اور دیگر اہم لوگوں کے پتوں کو پارسل پر درج کرتے ہوئے دیکھا۔تب انہیں معلوم ہوا کہ پارسلوں سے بد بو پیدا ہو رہی ہے تو انہوں نے فوری پولیس حکام کو پارسل کے بارے میں آگاہ کیا۔اور جب پولیس نے پارسل کھولے تو وہ پانی دیکھ کر حیران رہ گئے۔انہوں نے شروع میں سونچا تھا کہ یہ زہریلا کیمیکل بم ہو سکتا ہے اور انہیں ٹیسٹ کے لئے فارنسک لیباریٹری بھیج دیا گیا۔