Tuesday, December 3, 2024
Homeslider ریلائنس کی اپنے ملازمین کیلئے مدد ، متوفی کے افراد خاندان کو...

 ریلائنس کی اپنے ملازمین کیلئے مدد ، متوفی کے افراد خاندان کو 10 لاکھ

- Advertisement -
- Advertisement -

نئی دہلی۔ کورونا وبا کی وجہ سے اب جبکہ ملک کی معیشت کا پہیہ تھم ساگیا ہے اور بیشتر لوگوں کو مالی دشواریوں کا سامنا ہے ، ان حالات میں ریلائنس انڈسٹریز نے اپنے نصب العین ریلائنس میں ملازمین اور ان کے خاندان سب سے پہلے کو آگے بڑھاتے ہوئے اور ایک ریلائنس پریوار کے وعدے کو پورا کرتے ہوئے اپنے ملازمین کیلئے مدد کا ہاتھ بڑھایا ہے ۔

 ریلائنس انڈسٹریز نے کورونا وبا کی زد میں آنے والے اپنے تمام ایسے متوفی ملازمین کے لئے جو پے ۔ رول پر نہیں تھے ، ان کے لواحقین کو 10لاکھ روپے کی مالی مدد دینے کا اعلان کیا ہے ۔ ریلائنس انڈسٹریز نے اعلان کیا کہ کورونا سے ہلاک ہونے والے ملازمین کے سبھی بچوں کی گریجویشن تک کی تعلیم پر آنے والا صدفیصد خرچ کمپنی برداشت کرے گی۔ کمپنی متوفی ملازمین کے خاندان کو5 سال کی تنخواہ دے گی۔ اس کے علاوہ ریلائنس انڈسٹریز نے ملازمین کی شریک حیات، والدین اور بچوں کو زندگی بھر میڈیکل کوریج دینے اور سبھی ملازمین اور ان کے اہل خانہ کیلئے ویکسین کی بھی یقین دہانی کروائی ہے ۔

 ریلائنس انڈسٹریز کے چیئرمین اور منیجنگ ڈائریکٹر مکیش امبانی نے اپنے تمام ملازمین کو لکھے ایک مکتوب میں انہیں بھروسہ دلایا کہ ایک ریلا ئنس پریوار کے طور پر مصیبت کی اس گھڑی میں کمپنی ان کے ساتھ ہے ۔ انہو ں نے کہا حالانکہ وقت مشکل ہے ، ہمیشہ یہ ضرور یاد رکھیں کہ آپ تنہا نہیں ہیں ،ریلائنس پریوار ہمیشہ آپ کے ساتھ ہے ۔ ایک ٹیم کے طور پر اپنے اتحاد کامظاہرہ کرنے کیلئے ہم ایک ساتھ کھڑے ہیں اور ہم اس وقت تک اس وباءکے خلاف لڑتے رہیں گے جب تک ہم اس کے خلاف لڑائی جیت نہیں جاتے ۔

 ریلائنس فاونڈیشن کی چیئرپرسن نیتا ایم امبانی نے اپنے تمام ملازمین کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ جدوجہد کے جذبہ کے ساتھ ہم ہارنہیں مانیں گے کیونکہ ہمیں یقین ہے کہ آنے والے دن ہمارے لئے بہتر ہونگے ۔ جب تک بہتر دن نہیں آتے ہمیں مصیبت زدہ خاندانوں کیلئے دعا کرنی چاہئے ۔ آیئے ایک دوسرے کی مدد کے سلسلے کو جاری رکھیں اور بہتر مستقبل کیلئے پرامید رہیں۔

 غور طلب ہے کہ کورونا کے اس دور میں ریلائنس انڈسٹریز اپنے ملازمین کے علاوہ ملک کے عام شہریوں کی فلاح و بہبود کیلئے بھی سرگرم ہے ۔ اس وقت ملک میں جملہ آکسیجن پیداوار کا 11 فیصد صرف ریلائنس بنا رہا ہے ۔ ریلائنس ہر روز جملہ 10000 میٹرک ٹن آکسیجن بنا رہاہے جو 1لاکھ کورونا مریضوں کو ہردن سانسیں دینے کیلئے معقول ہے ۔ یہ آکسیجن پوری طرح سے مفت دی جارہی ہے ۔ اس کے علاوہ مہاراشٹر اورگجرات میں ریلائنس فاونڈیشن نے1875 کوویڈ بستروں کا انتظام بھی کیاہے ۔ یہ انتظام بھی عوام کیلئے بالکل مفت ہے ۔