Wednesday, April 23, 2025
Homesliderزخمی امیش یادو سیریز سے باہر، نٹراجن ٹیم میں شامل

زخمی امیش یادو سیریز سے باہر، نٹراجن ٹیم میں شامل

- Advertisement -
- Advertisement -

سڈنی۔ ہندوستان کے فاسٹ بولر امیش یادو دوسرے ٹسٹ میچ کے دوران پنڈلی کے زخم کی وجہ سے آسٹریلیا کے خلاف آئندہ دو ٹسٹ مقابلوں سے باہر ہوگئے ہیں جبکہ بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر ٹی نٹراجن کو سڈنی میں 7 جنوری کو شروع ہونے والے تیسرے ٹسٹ میچ کے لئے یادو کی جگہ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے ۔

یادو میلبورن میں باکسنگ ٹسٹ کی دوسری اننگز کے دوران پچ کے بیچ میںگرگئے تھے جہاں پنڈلی میں سخت چوٹ لگنے سے انہیں اس دورے سے باہر ہونا پڑا ۔ ہندوستان کے فاسٹ بولر محمد سمیع بھی زخمی ہونے کی وجہ سے پہلے ہی دورے سے باہر ہوچکے ہیں۔ سمیع پہلے ٹسٹ کے بعد باہر ہوئے تھے اور دوسرے ٹسٹ میں ان کی جگہ فاسٹ بولر محمدسراج نے ٹسٹ کرئیر کا آغازکیا تھا۔ یادو کے باہر ہونے سے اب ہندوستان کو اپنے دو اہم فاسٹ بولروں کے بغیر ہی سڈنی میں تیسرے ٹسٹ میں میدان پر اترنا ہوگا۔ ایشانت شرما سیریز شروع ہونے سے پہلے ہی دورے سے باہر ہوگئے تھے ۔

ہندوستان کی ٹیم کے پاس تجربہ کارفاسٹ بولر کی شکل میں صرف جسپریت بمراہ موجود ہیں۔ ٹیم میں نودیپ سینی اور شاردل ٹھاکر بھی موجود ہیں جبکہ نٹراجن نیٹ بولرکے طور پر ٹیم کا حصہ تھے ۔ نٹراجن کو یادوکے باہر ہونے کے بعد ٹیم میں شامل کیا گیا ہے ۔سڈنی ٹسٹ میں ایک اور فاسٹ بولر کے ٹسٹ کرئیر کا امکان ہے اور امید کی جارہی ہے کہ شاید سینی کوموقع دیا جاسکتا ہے لیکن اگر آئی پی ایل اور آسٹریلیا کے خلاف محدود اوورس کی کرکٹ کا تجزیہ کیا جائے تو سینی سے نٹراجن کے مظاہرے متاثر کن ہیں ۔