Friday, December 6, 2024
Homesliderزو کے ببر شیر کورونا سے صحت یابی کی طرف گامزن

زو کے ببر شیر کورونا سے صحت یابی کی طرف گامزن

- Advertisement -
- Advertisement -

 حیدرآباد۔ حیدرآباد زوپارک کے ببر شیر کورونا سے صحت یاب ہورہے ہیں جوکورونا سے متاثر پائے گئے تھے ۔ان کو دیگر جانوروں سے الگ تھلگ کردیاگیا تھاجہاں ان کا خصوصی علاج کرتے ہوئے روزانہ فراہم کی جانے والی غذا کے ساتھ تغذیہ والی اشیا دی جارہی ہیں ۔ساتھ ہی ان کو دوائیں بھی دی جارہی ہیں اور ان کی صحت پر مسلسل نظر رکھی جارہی ہے ۔ذرائع کے مطابق ان ببر شیروں کو مزید تین دن قرنطینہ میں رکھاجائے گا۔تلنگانہ کے دارالحکومت حیدرآباد کے اس اہم زو میں تقریبا 1600جانور اور پرندے ہیں۔ بتایاجاتا ہے کہ دیگر جانوروں میں اس مرض کی کوئی علامات فی الحال نہیں پائی گئیں۔ ان ببرشیروں میں کورونا کی علامات پر ان کے نمونہ حاصل کرکے معائنوں کیلئے انھیں سی سی ایم بی روانہ کیا گیا تھا جس کے مثبت نتیجہ نے تمام کو حیران کردیا تھا۔چڑیاگھر کے سفاری پارک میں شیروں کے گوشت نہ کھانے اورناک بہنے کی شکایت پر حیوانات کے ڈاکٹرس نے ان کے نمونہ حاصل کرکے معائنوں کیلئے روانہ کئے تھے ۔ جن ببرشیروں میں کورونا کی علامات پائی گئی تھیں ان میں چار مارہ اورباقی نرہیں۔

علاوہ ازیں تلنگانہ میں کوویڈ 19کے 6,026 نئے معاملات درج کئے گئے ہیں جس کے بعد ریاست میں معاملات کی تعداد بڑھ کر 4,75,748 ہوگئی ہے ۔ ریاست میں بہ حیثیت مجموعی اموات کی تعداد بڑھ کر2,579 ہوگئی ہے کیونکہ گذشتہ 24گھنٹوں کے دوران مزید52 اموات ہوئی ہیں۔محکمہ صحت کی جانب سے جاری کردہ بلیٹن میں کہا گیا ہے کہ ریاست میں 6,551 افراد روبہ صحت ہوئے ہیں جس کے بعد ریاست میں اب تک اس مرض سے روبہ صحت ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر3,96,042 ہوگئی ہے ۔ریاست میں سرگرم معاملات کی تعداد 77,127ہے ۔ گذشتہ 24گھنٹوں کے دوران 79,824کوویڈ 19کے معائنے کئے گئے تاہم4,091 نمونوں کی رپورٹس کا انتظار ہے ۔بہ حیثیت مجموعی 1.33کروڑ نمونوں کی جانچ ریاست میں اس مرض کے پھیلنے کے بعد سے کی گئی ہے ۔ جی ایچ ایم سی حدود میں 1,115نئے معاملات درج کئے گئے ہیں۔باقی معاملات ریاست کے دیگر اضلاع میں درج کئے گئے ۔