چینائی ۔ سری لنکا کے بحریہ کے حکام نے تامل ناڈو سے چھ ہندوستانی ماہی گیروں کوگرفتار کیا ہے اور ان کی مشینی کشتی کو ضبط کرلیا ہے۔ یہ گرفتاریاں گزشتہ رات کی گئیں۔ ان چھ افراد کو انٹرنیشنل میری ٹائم باؤنڈری لائن (آئی ایم بی ایل ) عبورکرنے اور سری لنکا کے پانیوں میں مچھلیاں پکڑنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے ۔
گرفتار شدگان کی شناخت بالمورگن (28)، انتھونی (31)، تھاناگاپنڈی (24)، اجیت (28)، کرشنن (31) اورمدوگو پچائی (51) کے طور پر کی گئی ہے۔ تمل ناڈو کی ساحلی پولیس کے ایک عہدیدار نے میڈیا کو بتایا کہ موصولہ اطلاعات کے مطابق گرفتار کیے گئے افراد کو تھالیمنار نیوی کیمپ لے جایا گیا ہے۔
کشتیوں کا ایک گروپ چہارشنبہ کی رات رامیشورم سے مچھلیاں پکڑنے گیا تھا اور تھلائیمنار اور ناچیکاداو کے قریب مچھلیاں پکڑتے پائے گئے۔ سری لنکا کی بحریہ کی ایک گشتی کشتی نے دو کشتیوں میں سوار 11 ماہی گیروں کو پکڑ کرگرفتار کرلیا۔ تاہم جب ایک کشتی کے ماہی گیروں نے بحریہ کے حکام کو بتایا کہ ان کی کشتی انجانے میں خرابی کی وجہ سے نادانستہ طور پر آئی ایم بی ایل عبور کر کے سری لنکا کے پانیوں میں پہنچ گئی ہے، گرفتار کیے گئے پانچ افراد کو رہا کردیا گیا۔
چھ ماہی گیر اب سری لنکا کی بحریہ کی تحویل میں ہیں اور ان کی مشینی کشتی بھی بحریہ کے قبضے میں ہے۔ ماہی گیروں کی گرفتاری سے رامیشورم اور دھنش کوڈی کے علاقوں میں کشیدگی پیدا ہوگئی ہے۔رامیشورم کے ماہی گیر اسوسی ایشن کے رہنما آرسیلوا کمار نے آئی اے این ایس سے بات کرتے ہوئے کہا حکومت ہند اور تمل ناڈو کی حکومت کو فوری طور پر اس معاملے کو اٹھانا چاہیے اور اس مسئلے کا مستقل حل نکالنا چاہیے۔ ہمیں بہت زیادہ تکلیف ہو رہی ہے اور لوگ غیر ملکیوں کی گرفتاریوں اور جیل کی سزاؤں کی وجہ سے اب سمندر میں مچھلیاں پکڑنے سے خوفزدہ ہیں۔ ہماری مہنگی کشتیاں بھی ضبط کی جاتی ہیں اور بعد میں کھلے ٹینڈر میں فروخت کی جاتی ہیں۔