Saturday, June 22, 2024
Homesliderسری نگر کی تاریخی جامع مسجد میں مسلسل تیسری مرتبہ نماز عید...

سری نگر کی تاریخی جامع مسجد میں مسلسل تیسری مرتبہ نماز عید ادا نہیں ہوگی

- Advertisement -
- Advertisement -

سری نگر۔ شہر سری نگر کے نوہٹہ علاقے میں واقع تاریخی جامع مسجد میں کورونا وبا کے پیش نظر امسال بھی عیدلاضحیٰ کے موقع پر چہارشنبہ کے دن نماز عید ادا نہیں کی جائے گی۔یہ فیصلہ انجمن اوقاف جامع مسجدنے کیا  جس کی سربراہی حریت کانفرنس (ع) کے چیئرمین میر واعظ مولوی عمر فاروق کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حالات کے پیش نظر یہ فیصلہ لیا گیا ہے ۔یاد رہے کہ کورونا وبا کی روک تھام کو یقینی بنانے کے لئے تاریخی جامع مسجد میں گزشتہ زائد از دو ماہ سے نماز جمعہ و دیگر اجتماعی نمازیں معطل ہیں۔

تاریخی جامع مسجد میں گزشتہ تین برسوں سے مسلسل عید الاضحیٰ کے موقع پر نماز عید ادا نہیں کی گئی۔ سال گزشتہ بھی اس جامع میں کورونا وبا کی وجہ سے نماز عید ادا نہیں کی گئی تھی جبکہ سال 2019 میں5 اگست کے مرکزی حکومت کے فیصلے نماز عید کی ادائیگی میں آڑے آئے تھے ۔انجمن کے ایک عہدیدار نےمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے  کہ چونکہ اجتماعی نمازوں کی ادائیگی پر کورونا وبا کے پیش نظر پابندی عائد ہے لہذا تاریخی جامع مسجد میں عید الاضحیٰ کے موقع پر نماز عید ادا نہیں کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ جامع مسجد  کے دروازے بند رہیں گے اور ان کو کھولنے کا فیصلہ ماہرین صحت و دیگر متعلقین کے ساتھ بات چیت کے بعد ہی لیا جائے گا۔علاوہ ازیں  جامع مسجد کے گرد وپیش جامع مارکیٹ کھلا ہے اور اس بازار میں تمام دکانیں کھلی ہیں اور لوگ خریداری کرنے میں مصروف ہیں۔

یادرہے کہ جموں و کشمیر میں مانسون کی بارشوں کا سلسلہ منگل کے روز بھی رک رک کر جاری رہا جس سے اگرچہ گرمی کی شدت میں کمی واقع ہوئی لیکن دوسری طرف کئی علاقوں میں آئے سیلاب نے تباہی مچادی۔دریں اثنا محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان نے کہا ہے کہ جموں و کشمیر میں منگل کے روز وقفے وقفے سے بارشوں کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے تاہم عید کے دن سے موسم میں بہتری واقع ہونے کی توقع ہے ۔انہوں نے کہا کہ یونین ٹریٹری کی گرمائی دارلحکومت سری نگر میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 5.2 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 18.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے جو معمول سے 0.4 سینٹی گریڈ زیادہ ہے ۔جموں و کشمیر کی سرمائی دارالحکومت جموں میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 44.3 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے ۔