ٹوکیو۔ عالمی چمپئن ہندوستان کی پی وی سندھو نے جاپان کی اکانے یاماگوچی کو جمعہ کے روز راست سٹوں میں 20-22، 13-21 سے شکست دے کر مسلسل دوسری مرتبہ اولمپک کے خواتین کے سنگلز زمرے کے سیمی فائنل میں داخلہ حاصل کرلیا اور وہ اپنا میڈل برقرار رکھنے سے صرف ایک قدم دور ہے۔ پچھلے ریو اولمپکس میں سلور میڈل جیتنے والی چھٹی سیڈ سندھو نے چوتھی سیڈ اکانے سے پہلا گیم باآسانی 13-21 سے جیت لیا اور دوسرے گیم میں 6-12کی مضبوط برتری حاصل کی لیکن جاپانی کھلاڑی نے واپسی کرتے ہوئے 16-16 سے برابری حاصل کی اور پھر 16-18 سے آگے ہوئیں۔ سندھو نے بھی زور لگایا اور 18 -18 سے برابری حاصل کرلی۔ اکانے نے اب دو پوائنٹس لے کر18-20 کی برتری حاصل کی اور میچ میں گیم پوائنٹس تک پہنچ گئیں۔
سندھو نے جارحانہ رخ اختیار کرتے ہوئے دو اسمیش لگاکر 20-20 سے برابری حاصل کرلی۔ ہندوستانی کھلاڑی نے پھر سبقت بنائی اور میچ پوائنٹ پر پہنچ گئیں ۔سندھو اب مسلسل دوسرے اولمپک میں میڈل جیتنے والی دوسری ہندوستانی کھلاڑی بننے سے صرف ایک کامیابی دور رہ گئی ہیں۔
علاوہ ازیں ہندوستان کو باکسنگ میں بھی جشن منانے کا موقع ملا ہے جیساکہ مکے باز لولینا بورگوہین نے جمعہ کو چینی تائیپی کی چین نیئن چن کو 4-1 سے شکست دیکر ٹوکیو اولمپک کے سیمی فائنل میں داخلہ حاصل کرلیا اور اس کے ساتھ ہی انہوں نے ملک کے لئے کم ازکم برونز میڈل یقینی کرلیا۔یہ ان کھیلوں میں ہندوستان کا دوسرا میڈل ہے اور مکے بازی میں تیسرا میڈل ہے اس سے قبل لیجنڈ باکسر میری کام نے 2012 کے لندن اولمپک میں برونز اور وجیندر سنگھ نے 2008 کے بیجنگ اولمپک میں برونز میڈل جیتا تھا۔
ٹوکیو اولمپک میں اس سے قبل ویٹ لیفٹر میرا بائی چانو نے تاریخی کامیابی حاصل کرتے ہوئے سلور میڈل جیتا ہے۔ٹوکیو 2020 کے سیمی فائنل میں پہنچ کر برونز میڈل یقینی بنانے والی ہندوستانی مکے باز لولینا کو فائنل میں پہنچنے کے لئے ٹاپ سیڈ یافتہ ترکی کی مکے باز بسے ناز سرمینیلی کا سامنا کرنا ہوگا۔دفاعی ورلڈ چمپئن بسے ناز کے خلاف لولینا کا یہ مقابلہ چہارشنبہ 4 اگست کو ہندوستانی وقت کے مطابق صبح 11 بجے کھیلا جائے گا۔