Monday, January 13, 2025
Homesliderسوریا کمار کیلنڈر ایر میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے ہندوستانی...

سوریا کمار کیلنڈر ایر میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے ہندوستانی بیٹر

- Advertisement -
- Advertisement -

نئی دہلی ۔ سوریا کمار یادو میدان کے ہر کونے میں شاٹس کھیلنے کی صلاحیت کے ساتھ ایک کیلنڈر سال میں ٹی 20 انٹرنیشنل میں ہندوستان کے لیے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی بن گئے ہیں۔سوریا کمار جو کچھ عرصے سے ہندوستان کے بہترین ٹی 20 بین الاقوامی بیٹر کے طور پر ابھرے ہیں، ان کے نام ایک کیلنڈر سال میں 732 رنز ہیں۔ انہوں نے اس معاملے میں اوپنر شکھر دھون کو پیچھے چھوڑ دیا جنہوں نے 2018 میں 689 رنز بنائے تھے۔

تھرواننت پورم میں جنوبی افریقہ کے خلاف ابتدائی ٹی 20 انٹرنیشنل میں اپنے کیریئر کی بہترین اننگز میں سے ایک کھیلنے والے  بیٹر کھیل کے چھوٹے فارمیٹ میں 1000 رنز کے نشان سے صرف 24 رنز دور ہیں اور امید ہے کہ وہ یہ کارنامہ بھی انجام دیں گے ۔اس سال ان کا اسٹرائیک ریٹ 180.29 رہا ہے جبکہ 32 میچوں میں ان کا اسٹرائیک ریٹ 173.35 رہا ہے۔ انہوں نے اس فارمیٹ میں 57 چھکے اور 88 چوکے لگائے ہیں۔چہارشنبہ کو جنوبی افریقہ کے خلاف جب وہ کریز پر آئے تو پاور پلے میں دو وکٹ پر 17 رنز بنانے کے بعد ہندوستانی ٹیم مشکل میں تھی۔

انہوں نے اپنی اننگز کی پہلی تین گیندوں پر دو چھکے لگا کر ٹیم کو دباؤ سے باہر نکالا اور 33 گیندوں کی جارحانہ اننگز میں ناقابل شکست 50 رنز بنا کر ہندوستان کی  کامیابی  میں اہم رول ادا کیا ہے ۔اننگز کے آغاز میں دو چھکوں کے ساتھ سوریا کمار نے پاکستان کے محمد رضوان کو پیچھے چھوڑ دیا اور ایک کیلنڈر سال میں ایک ٹی 20 انٹرنیشنل میں سب سے زیادہ چھکوں کا ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔ رضوان نے 2021 میں 42 چھکوں کا ریکارڈ بنایا تھا۔مارٹن گپٹل نے بھی اسی سال 41 چھکے لگائے۔سوریا کمار کے نام اب 45 چھکے ہیں اور اس سال ہندوستان نے ابھی کئی اور ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنے ہیں۔وہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی ٹی20 انٹرنیشنل رینکنگ میں بیٹرس  کی فہرست میں دوسرے نمبر پرآگئے  ہیں۔