حیدرآباد: سیلابی صورت حال سے حیدرآباد کو کئی ایک مسائل کا سامنا ہے جس میں روٹی ،کپڑا اور مکان کے علاوہ پینے کے پانی کی دستیابی اور سیلابی پانی کی موجود گی سے بیماریوں کے پھوٹ پڑنے کا خدشہ بھی سرفہرست مسائل میں شامل ہے۔ اگرچہ صحت اور شہری حکام نے حیدرآباد کے علاقوں میں سیلاب کے نتیجے میں عوام کو پانی سے پیدا ہونے والی بیماریوں کے ممکنہ پھیلاؤ کے بارے میں متنبہ کیا ہے لیکن ایسا لگتا ہے کہ ان کے انتباہات قدرے دیر سے آئے۔ کیونکہ بارشوں کے نتیجے میں لوگوں کی صحت پر مکانات کے سیلاب کے نتائج پہلے ہی ظاہر ہو رہے ہیں۔ شہر کے متعدد علاقوں میں گندگی ہے اور متعدد علاقوں میں پانی جمع ہے جبکہ کئی علاقے زیر آب ہیں اور ان متاثرہ علاقوں میں سروے کیے جانے کے بعد لگ بھگ 70فیصد افراد کو فنگل انفیکشن کی شکایت ہے ، جس کی وجہ سے خارش اور دیگر علامات ظاہر ہورہی ہیں۔
حیدرآباد میں ہیلپنگ ہینڈ فاؤنڈیشن ایک این جی او ہے اور اس کے ذریعہ کیے گئے سروے کے مطابق ، تقریبا20 فیصد لوگوں نے اسہال کی شکایت کی ہے اور سروے میں شامل 10افراد کو بخار ، نزلہ اور کھانسی ہے۔ گھر گھر کئے جانے والے سروے میں متاثرہ علاقوں میں آن لائن مشاورت اور دوائیں گھر تک پہنچانا امداد میں شامل ہے۔ مذکورہ بالا نتائج ہاشم آباد ، فاروق نگر اور فاطمہ نگر میں فلک نما ڈویژن کے تحت 150 مکانات اور ایک امدادی کیمپ کا دورہ کرنے کے بعد حاصل کئے گئے ہیں جہاں این جی او نے دوائیں پہنچائیں ہیں۔
بہت سے علاقوں میں پانی کم ہوچکا ہے لیکن اس کی وجہ سے لوگوں کو باہر نکلنا اور طبی اورصحت کی دیکھ بھال کی خدمات تک رسائی مشکل ہوچکی ہے۔ سیلاب کی وجہ سے حیدرآبادی عوام ذہنی پریشانیوں میں مبتلا ہیں کیونکہ لوگ صدمے اور شدید پریشانی کی حالت میں ہیں کیونکہ آس پاس کی ہر چیز بری طرح خراب یا تباہ ہوچکی ہے۔ پھر بھی لوگ گھروں سے باہر نہیں جانا چاہتے ہیں۔کیونکہ ان کا ماننا ہے کہ وہ راہ فرار اختیار کرنے کے بجائے گندگی کو صاف کرنے اورزندگی کی نئی شروعات کرنے کو ترجیح دے رہے ہیں ۔ غیر سرکاری تنظیم کے مطالعے کے مطابق عوام کئی علاقوں میں صحت کی خدمات کی فراہمی کی درخواست کر رہے ہیں۔
ہیلپنگ ہینڈ فاؤنڈیشن کے مجتبیٰ حسن عسکری نے کہا ہم نے شہر میں حالیہ سیلاب سے متاثرہ لوگوں کے لئے دوائیوں کی ایک ٹیلی میڈیسن ہیلپ لائن اور ڈور ٹو ڈور فراہمی شروع کی ۔ جنھیں پانی سے پیدا ہونے والی بیماریوں کا خطرہ ہے۔ ہمارے صحت کی دیکھ بھال کرنے والے کارکن بخار کی کٹ ، بخار کی نگرانی کے فارم اور دوائیاں لے کر جارہے ہیں اورشہر کے آبی تباہ حال علاقوں میں بیمار بچوں اور بڑوں کی جانچ کے لئے ہر گھر پہنچیں گے۔ ہماری ٹیم نے ان علاقوں میں شعور بیداری کا کام شروع کیا ہے۔ ڈاکٹر گھر گھر جا رہے ہیں جبکہ ٹیم گندگی کو صاف کرنے اور جراثیم کش بلیچنگ پاؤڈر چھڑکنے میں مدد کررہی ہے۔