مانچسٹر۔ اب تقریباً طے ہوگیا ہے کہ ٹیم کے سینئر ترین بیٹسمین شعیب ملک جنوبی افریقہ کے خلاف آئندہ میچ میں پاکستانی ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے۔ ذرائع کے بموجب شعیب ملک کو ان کی خراب کارکردگی کی وجہ سے ٹیم سے خارج کرنے کا اصولی فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ ان کی جگہ مڈل آرڈر بیٹسمین حارث سہیل کو کھلایا جائے گا۔
شعیب ملک نے رواں ورلڈ کپ میں انگلینڈ کے خلاف8، آسٹریلیا اور ہندوستان کے خلاف صفر پر آﺅٹ ہوئے ۔ مسلسل خراب فارم کی وجہ سے شعیب ملک کو ٹورنمنٹ کے بقیہ میچوں میں ٹیم میں جگہ نہ ملنے کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔ شعیب ملک نے ورلڈ کپ کے بعد ونڈے کرکٹ سے سبکدوشی کا اعلان کررکھا ہے۔ ان کی کارکردگی اور مستقبل پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔ پاکستانی ٹیم مانچسٹر سے لندن کے لئے روانہ ہوئی تو شعیب ملک ٹیم کی بس میں موجود نہیں تھے۔ شعیب ملک جو ممکنہ طور پر ٹورنمنٹ میں اپنا آخری میچ کھیل چکے ہیں انہوں نے اپنی اہلیہ ثانیہ مرزا اور بیٹے اذہان کے ساتھ خانگی گاڑی میں سفر کیا۔ شعیب ملک کے علاوہ محمد حفیظ اور حارث سہیل بھی بس میں نہیں تھے۔ تینوں نے اپنی افراد خاندان کے ساتھ الگ سفرکیا۔