وشاکھا پٹنم ۔انتخابات میں قریبی رشتہ داراکثر ایک دوسرے کے حریف بن جاتے ہیں اور اب ایسا ہی ایک واقعہ آندھرا پردیش کے ضلع کرشنا کے پینومالورو اسمبلی حلقہ میں رونما ہوا ہے جہاں سے ریاست کی اصل اپوزیشن وائی ایس آرکانگریس پارٹی کے امیدوار کے طور پرشوہر نے پرچہ نامزدگی داخل کیا تو اسی حلقہ سے ان کی بیوی آزاد امیدوار کے طور پرانتخابی میدان میں آگئی ہیں۔ اس طرح اس حلقہ سے شوہر اور بیوی آمنے سامنے ہوگئے ہیں۔
سابق وزیر کے پارتھاسارتھی نے اس حلقہ سے وائی ایس آرکانگریس کی ٹکٹ سے پرچہ نامزدگی داخل کیا جواب میں ان کی بیوی کملا آزاد امیدوار بن گئیں۔ نام واپس لینے کی آخری تاریخ کے بعد ریٹرننگ آفیسر نے کہا کہ اس حلقہ سے شوہر اور بیوی انتخابی میدان میں ہیں۔پارتھا سارتھی کی جماعت کا انتخابی نشان پنکھا ہے جبکہ ان کی بیوی کے لئے انتخابی نشان بیلٹ مختص کیاگیا ہے ۔ان کے فرزند نے بھی اسی حلقہ سے پرچہ نامزدگی داخل کی تھی تاہم ان کا پرچہ نامزدگی مسترد کردیاگیا۔اس حلقہ سے انتخابی مقابلہ میں شوہر اور بیوی کے ایک دوسرے کے آمنے سامنے ہونے کا مسئلہ بحث کا موضوع بن گیا ہے ۔