حیدرآباد۔دونوں جڑواں شہروں حیدرآباد اور سکندرآباد میں گزشتہ روز بارش کی آنکھ مچولی دیکھنے کو ملی اور آئندہ 5 دنوں میں ہندوستان کی مختلف ریاستوں میں بارش کی پیش قیاسی کی گئی ہے ۔ویسے تو شہر حیدرآباد اور اس کے اطراف و اکناف کے علاقوں میں گزشتہ چہارشنبہ سے ہی مطلع آبر آلود رہے رہا تھا لیکن کل دوپہر کو سکندآباد کے بیشتر علاقوں میں موسلادھار بارش ہوئی جس میں خاص کر سکندرآباد کے علاقے رسول پورہ ، پاٹی گڈہ، نلہ گٹہ ، پرکاش نگر، بیگم پیٹ ،پیراڈائز،بوئن پلی ، حشمت پیٹ ،مشیرآباد میں تقریباً 40 منٹ تک تیز بارش ہوئی لیکن پرانے شہر کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہا جبکہ صنعت نگر ،بورہ بنڈا ، کوکٹ پلی اور اطراف کے علاقوں میں بھی موسم میں کوئی نمایاں تبدیلی نہیں تھی اور امید کی جارہی ہے کہ آئندہ چند دنوں کے دوران مزید بارش ہوسکتی ہے ۔
دریں اثنا ہندوستان کے محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ مختلف گردشوں کی وجہ سے اگلے پانچ دنوں میں ملک کے متعدد حصوں میں بارش کا امکان ہے۔ آئی ایم ڈی کے مطابق بارش کے علاوہ آئندہ پانچ دن کے دوران جزیرہ نما جنوب میں مغربی ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ آئی ایم ڈی نے کہا ہے کہ تامل ناڈو ، کیرالہ اور ساحلی اور جنوبی کرناٹک کے جنوب اور گھاٹ علاقوں میں بھی 14 تا 16 اپریل کے دوران ہلکی اور تیز بارش کا امکان ہے۔ ایک اور گردش جنوب مغربی مدھیہ پردیش اور ہمسایہ علاقوں میں واقع ہے۔ اس کے اثر کے تحت آندھی ، بجلی اور تیز ہواوں (30-40 کلومیٹر فی گھنٹہ) کے ساتھ مختلف مقامات پر بارش کا امکان ہے ۔ مدھیہ پردیش ، ودربھا ، تلنگانہ ، چھتیس گڑھ ، کرناٹک مغربی بنگال اور اڈیشہ میں اگلے 4 تا 5 دن کے دوران اور جھارکھنڈ میں اگلے 24 گھنٹوں کے دوران بارش کا امکان ہے۔ . علاوہ ازیں قوی امکان ہے کہ مغربی ہمالیہ کے علاقے میں 14 تا 17 اپریل کے دوران تیز ہواو ں ، گرج اور تیز آندھی کے ساتھ کہیں زیادہ وسیع پیمانے پر بارش ہونے کا امکان ہے اور کہیں ہلکی بارش ہوسکتی ہے ۔